ملک کا ہر ادارہ اور محکمہ کرپشن کی لعنت میں لت پت ہے،شمس الرحمان سواتی

عوام موجودہ ظالمانہ اورکرپٹ نظام سے نفرت کرتے ہیں ،بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے، ضلعی امیر

جمعہ 26 فروری 2016 19:22

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 فروری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نے کہا ہے کہ ملک کا ہر ادارہ اور محکمہ کرپشن کی لعنت میں لت پت ہے۔ اس حوالے سے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ عوام موجودہ ظالمانہ اورکرپٹ نظام سے نفرت کرتے ہیں ۔صاف ستھری قیادت ہی کرپشن فری پاکستان بنا سکتی ہے۔

۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر میں کرپشن فری پاکستان مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقد ہونے والے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ جماعت اسلامی یکم مارچ سے کرپشن فری پاکستان مہم شروع کر رہی ہے ۔اس ملک گیر مہم کے حوالے سے ملک کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی ضلع کے تمام تحصیل ہیڈ کوآرٹرز کے علاوہ چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات و دیہات کی سطح پر بھی مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

جن میں کرپشن کی قباحتوں کو اُجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ایک ایسا ناسور ہے کہ جو ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح کھا رہا ہے۔ہر فرد اور خاندان کسی نہ کسی طرح اس قباحت کا شکار ضرور بنتا ہے۔دیانتدار اور اہل قیادت ہی مسائل کو حل کر سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کے سلسلے میں بڑی بڑی شاہراوؤں ٗچوکوں اور گلی محلوں میں بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔

عوامی مقامات پرکیمپس لگائے جائیں گے۔ فلوٹ بھی نکالے جائیں گے۔ واک کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ کرپشن سے انکار پر مبنی دستخطی مہم بھی چلائی جائے گی۔ عوامی عدالت بھی لگائی جائے گی ۔ اس مہم کے سلسلے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا ایک خصوصی خط اہم شخصیات کو پہنچایا جائے گا۔ شمس الرحمان سواتی نے عوام کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ کرپشن کی لعنت کے خلاف اس مہم میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے ساتھ تعاون کریں ۔

متعلقہ عنوان :