کرپشن کے باعث تعلیم ،صحت اور دیگر میدانوں میں سماجی ترقی نہیں ہو سکی، زبیر فارو ق خان

کرپشن کا ناسور قومی سلامتی ،جمہوریت ،انتخابی عمل اور پوری قوم کی اخلاقی قدروں کیلئے خطر ناک شکل اختیار کر گیا ہے ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد

جمعہ 26 فروری 2016 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 فروری۔2016ء) جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر زبیر فارو ق خان نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔کرپشن کا ناسور قومی سلامتی ،جمہوریت ،انتخابی عمل اور پوری قوم کی اخلاقی قدروں کے لیے ایک خطر ناک شکل اختیار کر گیا ہے ۔کرپشن کے باعث تعلیم ،صحت اور دیگر میدانوں میں سماجی ترقی نہیں ہو سکی ۔

انھوں نے کہاامیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر یکم مارچ سے ملک بھر میں شروع کی جانے والی ’’کرپشن فری پاکستان تحریک ‘‘وقت کی ضرورت ہے ۔اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق یکم مارچ کو اسلام آباد میں پر یس کانفر نس اور چھ مار چ کو قومی سیمینار سے خطاب کر یں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلعی عہدے داران کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔

(جاری ہے)

زبیر فارو ق خان نے کہا حکمرانوں نے ہمیشہ کرپشن کی سر پرستی کی ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں 12ارب روپے روزانہ کی کرپشن ہو رہی ہے جبکہ انتخابی نظام بھی کر پٹ اور بو سیدہ ہو چکا ہے اسی وجہ سے کرپٹ عناصر حکومت اور اقتدار میں آجاتے ہیں ۔ جماعت اسلامی کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف بھی تحریک چلائے گی۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے باعث ہی عوام قرضوں کے بوجھ تلے دبے جارہے ہیں ۔غربت ،مہنگائی ،بے روز گاری ،بدامنی اور دہشت گردی کی وجہ بھی کرپشن ہے اور کرپٹ نظام ہے ۔