ٹریڈ مارک اور پیٹنٹس کی آن لائن رجسٹریشن کیلئے آئی پی او پاکستان جلد ویب پورٹل کا اجراء کرے گا ، شاہد رشید

انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کے بہتر تحفظ کیلئے موثر قوانین کا نفاذ یقینی بنایا جائے ، عاطف اکرام شیخ

جمعہ 26 فروری 2016 18:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 فروری۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) پاکستان کے اشتراک سے تاجر برادری میں انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کیلئے ایک سمینار کا انعقاد کیا جس میں ٹریڈ مارک، پیٹنٹس، انڈسٹریل ڈیزائن اور کاپی رائٹس کی اہمیت ، ان کی رجسٹریشن اور تحفظ کے بارے میں تاجروں کو تفصیلی پریزنٹیشنز دی گئیں۔

جمعہ کو سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے آئی پی او پاکستان کے چیئرمین شاہد رشید نے کہا کہ انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس (آئی پی آرز) کا نفاذ اوربہتر تحفظ معیشت کیلئے متعدد فوائد کا باعث بنتا ہے کیونکہ اس سے صارفین اور کاروباری اداروں کے مفادات کا بہتر تحفظ ہوتا ہے، اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہوتی ہے، جدت کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، تاجر برادری کو بہتر منافع ملتا ہے، مسائل کو حل کرنے کیلئے نت نئی مصنوعات مارکیٹ میں آتی ہیں اور سرمایہ کاری و روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی قومی پیداوار میں آئی پی آرز کا حصہ 38فیصد ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ آئی پی آرز پاکستان کی معیشت کیلئے کتنے اہم ہیں۔ آئی پی او پاکستان کے چیئرمین نے کہا کہ ان کا ادارہ ملک میں آئی پی آرز کو فروغ دینے اور ان کے بہتر نفاذ و تحفظ کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ٹریڈ مارک اور پیٹنٹس سمیت دیگر آئی پی آرز کی آن لائن رجسٹریشن کیلئے ایک ویب پورٹل کا اجراء کیا جائے گا تا کہ تاجرو صنعتکار اور دیگر سٹیک ہولڈرز اپنے کاروباری حقوق کے حصول کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی درخواست دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹنٹس کی رجسٹریشن میں تقریبا 30مہینے لگتے ہیں ان کے تحفظ کا ابتدائی عرصہ 20سال ہوتا ہے جبکہ ٹریڈ مارک کی رجسٹریشن کیلئے تقریبا 18ماہ درکار ہوتے ہیں اور ان کے تحفظ کا ابتدائی تحفظ کا عرصہ 10سال ہوتا ہے جس کے بعد ان کی دوبارہ رجسٹریشن ہوتی ہے اسی طرح انڈسٹریل ڈیزائن کی رجسٹریشن کیلئے تقریبا 10مہینے درکار ہوتے ہیں اور ان کے تحفظ کا ابتدائی عرصہ 30سال ہوتا ہے جبکہ کاپی رائٹس کی رجسٹریشن کیلئے تقریبا 10ماہ کا عرصہ درکار ہوتا ہے اور کے تحفظ کا عرصہ تاحیات ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ٹریڈ مارک سمیت دیگر آئی پی آرز کو حاصل کر کے اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دے سکتے ہیں۔اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سخت مقابلے کے موجودہ کاروباری ماحول میں تاجر وں صنعتکاروں اور تخلیق کاروں کیلئے ٹریڈ مارک اور پیٹنٹس سمیت دیگر آئی پی آرز کی سمجھ بوجھ اور ان کا بہتر استعمال بہت ضروری ہو گیا ہے لہذا اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ان حقوق کا بہتر تحفظ یقینی بنانے کیلئے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق موثر قوانین بنائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار کے میدان میں سبقت حاصل کرنے کیلئے کاروباری اداروں کو نت نئی مصنوعات اور سروسز مارکیٹ میں متعارف کرانی پڑتی ہیں لہذا تاجر و صنعتکار برادری کے کاروباری حقوق کا بہتر تحفظ یقینی بنانے سے ملک میں کاروباری اور سرمایہ کارانہ سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پاکستان کی معیشت اب بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے لہذا اس رفتار کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت آئی پی آرز پر عمل درآمد کیلئے تمام مطلوبہ اقدامات اٹھائے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجروصنعتکار براردری کے کاروباری حقوق کوفروغ دینے کی کوششوں میں آئی پی او پاکستان کے ساتھ ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :