قائمہ کمیٹی قواعد و ضوابط نے ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈی ایس ریلوے کے معافی مانگنے پر سینیٹر کلثوم پروین کی تحریک استحقاق نمٹا دی

کمیٹی کی سینیٹر کریم خواجہ کی تحریک استحقاق پر چیف سیکرٹری بلوچستان کی وضاحت کے بعد معاملہ نمٹا کر آئندہ اجلاسوں میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت

جمعہ 26 فروری 2016 18:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط نے ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈی ایس ریلوے کی جانب سے ڈپٹی سیکرٹری کے نا مناسب رویے پر معافی مانگنے پر سینیٹر کلثوم پروین کی تحریک استحقاق نمٹا دی، کمیٹی نے سینیٹر کریم خواجہ کی جانب سے تحریک استحقاق پر چیف سیکرٹری سیف اﷲ چٹھہ کی وضاحت اور معذرت کرنے پر معاملہ نمٹا دیا۔

جمعہ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کا اجلاس کمیٹی چیئرمین سینیٹر جہانزیب جمالدینی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر کلثوم پروین کی جانب سے ڈی ایس ریلوے کوئٹہ حنیف گل کی ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران نامناسب رویہ اختیار کرنے کے حوالے سے پیش کی گئی، تحریک استحقاق پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ انہوں نے بلوچستان کے بچوں کیلئے فلاحی منصوبے کے طور پر فٹ بال گراؤنڈ بنوایا، ٹیلی فون پر بھی نا مناسب انداز میں ان کے ساتھ گفتگو کی گئی بلکہ اخبارات میں ان کے خلاف خبریں لگوا کر عزت اچھالی گئی۔

ایڈیشنل سیکرٹری ریلوے نے کہا کہ تمام پارلیمنٹیرین قابل احترام ہیں۔ سینیٹر کلثوم کی شکایات کا نوٹس لیا گیا ہے اور فٹ بال گراؤنڈ میں بچوں کے کھیلنے کے حوالے سے تمام رکاوٹیں دور کریں گے اور تمام شکایات دور کریں گے اور سینیٹر کلثوم پروین سے ہونے والے واقعہ پر معذرت خواہ ہیں۔ سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ وہ ان کی معذرت کو قبول کرتی ہیں اور تحریک استحقاق کو واپس لیتی ہیں، اس پر کمیٹی نے معاملہ نمٹا دیا۔

سینیٹر کریم خواجہ کی جانب سے چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری منصوبہ بندی، سیکرٹری کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کی ذیلی کمیٹی کے 8جنوری 2016 کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے پر تحریک استحقاق پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کریم خواجہ نے کہا کہ کمیٹی میں بلوچستان کے حوالے سے اہم ایشوز پر بات ہونی تھی لیکن اداروں کی جانب سے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا اور شرکت نہیں کی گئی۔

سیکرٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ نے کہا کہ وہ عمرہ کی ادائیگی کی وجہ سے ملک سے باہر تھے جس کی وجہ سے وہ تمام اداروں کو شرکت کیلئے آگاہ نہیں کر سکے، وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تمام قائمہ کمیٹیوں سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ کمیٹی نے معاملہ نمٹاتے ہوئے ان کوہدایت کی کہ آئندہ اجلاسوں میں قائمہ کمیٹی میں شرکت یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ عنوان :