پی ٹی وی انتظامیہ اور یونین کے درمیان 15فیصد تنخواہو ں میں اضافے کا معاہدہ طے

پی ٹی وی کی ترقی وزیراعظم کے اعتماد اور حمایت سے ہوئی ورنہ ایساممکن نہیں تھا، پی ٹی وی کے خسارے میں کمی اور آمدنی میں اضافہ ہوا ہے ، پاکستان ٹیلی ویژن کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد مالک کا خطاب

جمعہ 26 فروری 2016 18:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 فروری۔2016ء) پاکستان ٹیلی ویژن کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد مالک نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال میں پی ٹی وی کی ترقی وزیراعظم کے اعتماد اور حمایت کی وجہ سے ممکن ہوئی، وزیراعظم کی حمایت کے بغیر پی ٹی وی کی ریٹنگ میں اضافہ ممکن نہیں تھا، پی ٹی وی کے خسارے میں کمی اور آمدنی میں اضافہ ہوا ہے، پی ٹی وی نیوز 11ویں نمبر سے پہلے5چینلز میں شامل ہو گیا ہے۔

جمعہ کو پی ٹی وی انتظامیہ اور یونین میں معاہدہ طے ہو گیا، معاہدہ کے مطابق تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ کیا جائے گا، پی ٹی وی سی بی اے یونین نے تنخواہوں میں اضافے پر ایم ڈی محمد مالک کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں عبدالمالک نے کہا کہ پی ٹی وی کے چینلز کی سکرین بہتر ہونے سے ناظرین میں اضافہ ہوا ہے، جس سے خسارے میں کمی اور آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نیوز گیارہویں نمبر سے پہلے پانچ چینلز میں شامل ہو گیا ہے اور پی ٹی وی ہوم 15ویں نمبر سے پہلے تین چینلز میں شامل ہو گیا ہے جبکہ پی ٹی وی سپورٹس مسلسل تیسرے نمبر پر رہنے کے بعد اب پہلی پوزیشن پر آ گیا ہے۔ محمد مالک نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیاء کپ کیلئے ایک ارب روپے کے اشتہارات کی بکنگ ہو چکی ہے، رواں مالی سال آمدن یکے لحاظ سے پی ٹی وی کا بہترین سال ہو گا، پی ٹی وی کے کارکن مزید محنت کریں اور بدعنوان عناصر پر نظر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں پی ٹی وی کی ترقی وزیراعظم کے اعتماد اور حمایت کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے، وزیراعظم بصیرت کے مطابق حالت حاضرہ کے پروگراموں کو آزاد بنایا گیا۔ ایم ڈی محمد مالک نے کہا کہ وزیراعظم کی حمایت کے بغیر پی ٹی وی کی ریٹنگ میں اضافہ ممکن نہ ہو پاتا۔

متعلقہ عنوان :