ایک مخصوص طبقہ پی آئی اے کے ملازمین کی نج کاری کے خلاف جاری تحریک کوسبوتاژکرنے کی سازش کررہا ہے ،لیاقت علی ساہی

جمعہ 26 فروری 2016 17:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 فروری۔2016ء) پی آئی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کی طرف سے پی آئی اے کی نج کاری کے خلاف احتجاجی تحریک کو وقتی طور پر معطل کرکے حکومت سے مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کو حل کرنے کے فیصلے کو تمام ٹریڈ یونینز، صحافی اور سول سوسائٹی تنظیموں کی قیادت نے درست قرار دیا ہے۔ اس کا اظہار مزدور رہنما لیا قت علی ساہی نے ایچ آر سی پی میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص طبقہ پی آئی اے کے ملازمین کی نج کاری کے خلاف جاری تحریک کوسبوتاژکرنے کی مسلسل سازشوں میں مصروف ہے بلکہ دورانِ ہڑتال ایک گروہ عوام میں میڈیا کے ذریعے یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی قیادت حکومت سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتی جبکہ حقائق اس کے برعکس تھے جس کا واضح ثبوت ہے کہ پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ملک ، پی آئی اے اور ،ملازمین کے مفادات کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے ہڑتال کو وقتی طور معطل کرکے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھا یا ہے لیکن بد قسمتی کے ساتھ حکمران طبقے نے مذاکرات کے بعد اس حمن میں جو اقدامات اٹھائے اور وزراء کی طرف سے جاری کردہ بیانات کا جائزہ لیا جائے تو طاقت کے بل بوتے پر پی آئی اے ملازمین کی تحریک کو کچلنے کی کوشش کی نہ صرف کوششیں کی جاری ہیں بلکہ من پسند لوگوں کو اونے پونے قومی ادارے کو فروخت کرنے کیلئے سرگرم ہے جو کہ آئینی طور پر کسی بھی طرح انصاف پر مبنی نہیں ہے چونکہ آئین کے تحت مشترکہ مفادات کونسل کے فورم کے تحت وفاقی حکومت کو پابند کیا گیا ہے کہ اگر ایک بھی صوبہ کسی فیصلے سے اختلاف کرے گا تو وزیر اعظم کو اس مسئلے کو مشترکہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں پیش کرکے فیصلہ حاصل کرنا ہوگا لہٰذا حکومتی فیصلوں کا جائزہ لیا جائے تو انہوں نے مشترکہ مفادات کونسل کے آئین میں دیے گئے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں کپٹن سہیل بلوچ نے تمام صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا اور تحریک کو جاری رکھنے کا عزم کیا۔ اس موقع پر کرامت علی ڈائریکٹر پائلر ، اسد اقبال بٹ وائس چیئر مین ایچ آر سی پی، مزدور رہنما ملک غلام محبوب، شیخ مجید، جلیل شاہ ، الحاج نور محمد، شفیق غوری، حبیب الدین جنیدی، مخدوم ایوب قریشی، ظفر خان، جعفر خان، ذولفقار میر ، محترم فرحت اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی مشاورت کے بعد جلد پی آئی اے کی نج کاری کے سلسلے میں حکومتی اقدام پر پریس کانفرنس کی جائے گی، مشترکہ مفادات کونسل کے اراکین کو تحریری طور پرخط لکھا جائے گا کہ آئین کی روشنی میں فیصلے کئے جائیں اور جلد ملکی سطح پر لیبر کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں ملکی سطح پر حکومتی کی نج کاری کی پالیسی کے خلاف تحریک کے بارے میں غور کیا جائے گا اجلاس کے اختتام پر پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی قیادت اور پی آئی اے کے تمام ملازمین کو نج کاری کے خلاف منظم تحریک چلانے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :