سیاسی جماعتیں کراچی کی ٹرانسپورٹ کے مسائل کی ذمہ دار ہیں ،تحریک انصاف

جمعہ 26 فروری 2016 16:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے مسلم لیگ نواز، پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کو تیس سال سے کراچی کی ٹرانسپورٹ کے مسائل کو نظر انداز کرنے کا ذمہ دارقرار دیدیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں وزیراعظم کے کراچی میں خطاب پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم تیس سالہ منصوبے کو نیا لباس پہنا کر عوام کے سامنے پیش کرنے کیلئے کراچی پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کی لمبائی کے حوالے سے وزیراعظم اور وزیراعلی سندھ کے موقف میں واضح تضاد سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں حکومتیں کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل میں کس حد تک سنجیدہ ہیں اور مذکورہ منصوبے سے ان مسائل کے تدارک میں کس حد تک کامیابی حاصل ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا سڑکیں اور پل تعمیر کرنے کا شوق قوم کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہورہا ہے کیونکہ مسلم لیگ نواز کا لاہور میں اورنج لائن ٹرین منصوبہ اپنی تعمیر کے انتہائی ابتدائی مراحل میں اب تک تقریباً 8قیمتی انسانی جانیں لے چکا ہے جبکہ راولپنڈی میں میٹرو بس منصوبے کی بنیادوں میں بھی معصوم شہریوں اور مزدوروں کا خون شامل ہے۔

وزیراعظم کراچی کے عوام کی فلاح و ترقی کیلئے وسائل مختص کرنا چاہتے تو ان کی راہ میں کوئی بھی رکاوٹ پیش نہ آتی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک بھر کی طرح کراچی کی آبادی کا بیشتر حصہ پینے کے صاف پانی سے محروم ہے اور شہری اپنے گھروں کے سامنے سے کچرا اٹھا کر وزیراعلی ہاؤ س کے سامنے پھینکنے پر مجبور ہیں جبکہ وزیراعظم کراچی کے عوام کی صحت اور تعلیم پر ایک پائی خرچ کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کو ترجیح بنانے کی بجائے انسانوں کی ترقی پر ترجیحی انداز میں وسائل خرچ کریں تاکہ ملک میں پائیدار ترقی کا خیر مقدم ممکن ہو سکے۔