ہنگو پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن،تین منشیات فروش گرفتار،10کلو گرام چرس اور اسلحہ برآمد

جمعہ 26 فروری 2016 13:21

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 فروری۔2016ء) ہنگو پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن۔تین منشیات فروش گرفتار۔10کلو گرام چرس اور اسلحہ برآمد۔تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی ہنگو رفیع اللہ خان اور ایس ایچ او تھانہ سٹی امیر اللہ خان نے گرفتار ملزمان اور برآمد ہونے والا چرس اور اسلحہ میڈیا کو دیکھاتے ہوئے بتایا کہ ہنگو پولیس نے خفیہ اطلاع پر سپیشل ناکہ بندی کے دوران ٹل روڈ پر سوزوکی گاڑی کے خفیہ خانوں سے چار کلو گرام چرس برآمدکر کے دو ملزمان امان اللہ اور رزیم خان ساکنان اورکزئی ایجنسی کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایچ او امیر اللہ خان نے بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے ہنگو کے علاقہ شاہو وام میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر مکان کے اندر موجودایک منشیات فروش رحمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 6کلو گرام چرس برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان کے قبضے سے تین عددپستول،ایک عدد ایس ایم جی،ایک عدد بارہ بور بندوق اور سینکڑوں مختلف قسم کے کارتوس بھی برآمدکر لئے ۔

ڈی ایس پی رفیع اللہ خان اور ایس ایچ اوامیر اللہ خان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ہنگو ایک حساس اور پسماندہ علاقہ ہے اورمجرمان اس بات کا فائدہ اٹھاکر ہمارے بچوں کے مستقبل کو داؤ پر لگاتے ہیں۔جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور علاقے کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے مجرمان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :