کراچی : فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان اور ان کے ڈرائیور کی ضمانت منظور

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 26 فروری 2016 11:21

کراچی : فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان اور ان کے ڈرائیور کی ضمانت منظور

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 فروری 2016ء) :فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان اور ان کے ڈرائیور کی کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان کو جوڈیشل مجسٹریٹ ساﺅتھ کلیم اللہ کلہوڑو کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عالمگیر خان کی جانب سے عدالت میں درخواست ضمانت جمع کروادی ، دوران سماعت سرکاری وکیل اور تفتیشی افسر کے مابین تلخ کلامی بھی ہوئی ، عدالت نے درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عالمگیر خان اور ان کے ڈرائیور کی ضمانت منظور کرلی جبکہ انہیں پانچ ،پانچ ہزر روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیدیا۔

یاد رہے کہ عالمگیر خان کو گذشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاﺅس کے باہر سے تب گرفتار کیا گیا جب وہ کچرے سے بھرا ٹرک لے کر وزیر اعلیٰ ہاﺅس کے باہر پہنچے تھے۔

(جاری ہے)

عالمگیر خان پر سرکار میں مداخلت کا مقدمہ سول لائنز تھانے میں درج کیا گیا تھا ۔ دوسری جانب عدالت پہنچنے پر عالمگیر خان کے حامیوں نے پھول کی پتیاں برسائیں اور عالمگیر خانکو پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے۔

ضمانت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی خدمت کرنا میرا جرم تھا ، پی آئی ڈی سی کے قریب علامتی احتجاج کر رہا تھا ، مجھے عوام کی خدمت کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو کمزور سمجھنے والوں کے منہ پر بھی ڈھکن لگاتا ہوں، ہم نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر کچرے کا ڈبہ رکھا اور کہا کہ لوگ وہاں کچرا ڈالیں۔

عالمگیر خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو بھی کچرے کی بدبو کا اندازہ ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف پروپیگنڈے کام نہیں آئیں گے۔فکس اٹ مہم کو کوئی نہیں روک سکتا ، انتظامیہ کے خلاف جھوٹے کیسز کا مقدمہ کروں گا کیونکہ جھوٹے مقدمات فکس اٹ کا مشن نہیں روک سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ساتھ دینے پر تحریک انصاف کے رہنماﺅں کا شکر گزار ہوں کہا جاتا ہے کہ میرے پیچھے بہت بڑی طاقت ہے لیکن ماسوائے اللہ کے میرے پیچھے کسی طاقت کا ہاتھ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :