لاہور میں پولیس کی کاروائی :ملکی و غیر ملکی جعلی کرنسی چھاپنے والے گروہ کے 7 ارکان کو گرفتار کر کے 50 کروڑ روپے مالیت کے نوٹ برآمد

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 25 فروری 2016 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 25 فروری۔2015ء) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس نے ملکی و غیر ملکی جعلی کرنسی چھاپنے والے گروہ کے 7 ارکان کو گرفتار کر کے 50 کروڑ روپے مالیت کے نوٹ برآمد کر لیے۔لاہور کے لوئر مال میں ایک پریس پر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی میں 7 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈالر، یورو، درہم اور پاکستانی کرنسی تیار کر کے بیرونِ ملک اسمگل کرتے تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سی آئی اے عمرورک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزمان ملکی و غیر ملکی جعلی کرنسی تیار کر کے ڈیوٹی فری شاپ پر اور عام لوگوں کو فروخت کر تے تھے اوردبئی جا کر بھی یہ رقم مختلف ذارئع سے فروخت کی جاتی تھی۔پولیس نے 7 ملزمان کو گرفتار کرکے پرنٹنگ مشینیں، کاغذ، سیاہی اور تاریں بھی برآمد کر لیں۔ ملزمان نے بتایا کہ وہ 4ماہ سے یہ کام کر رہے تھے۔گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ یہ جعلی نوٹ بیرون ملک بھی بھجواتے تھے، جبکہ اے ٹی ایم مشینوں میں بھی یہ نوٹ کارآمد تھے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفت میں لئے گئے ملزمان کا تعلق پشاور، شیخوپورہ اور لاہور سے ہے، جبکہ ان کے مزید ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :