پی ایس ایل کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند،ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار ہیں،شعیب ملک

جمعرات 25 فروری 2016 22:43

پی ایس ایل کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند،ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف ..

اسلام آباد ۔ 25 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 فروری۔2016ء) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے، ایشیا کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ میں (کل) ہفتہ کو آمنے سامنے ہوں گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی بلے باز مستقل مزاج ہیں تو ہمارا باؤلنگ اٹیک مضبوط ہے اسلئے توقع ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ و کانٹے دار مقابلہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کھیلنے کے بعد کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھا ہے اور ایشیا کپ کیلئے کھلاڑیوں کی تیاری بھی پوری ہے اسلئے ہم بھارت سے خوفزدہ نہیں اور بھرپور مقابلے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بھارتی ٹیم نے دورہ آسٹریلیا کے بعد ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف ابتدائی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن میرے خیال میں پاکستان کے خلاف اس کا میچ زبردست ہو گا۔

اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کے بارے انہوں نے کہا کہ وہ پاک بھارت میچ میں اپنے ملک کو سپورٹ کرتی ہیں تاہم ان کی خواہش ہوتی کہ کہ میں اپنی ٹیم کیلئے اچھا پرفارم کروں۔ انہوں نے کہا کہ عامر میں پانچ برس بعد انٹرنیشل کرکٹ میں واپسی کے بعد اپنی کارکردگی سے دنیا کو دیکھا دیا ہے کہ وہ اب بھی ورلڈکلاس باؤلر ہیں تاہم انہیں مکمل سیٹ ہونے میں ابھی مزید وقت لگے گا۔