حکومت خواتین کی ترقی اور بنیادی امور میں خود مختاری کیلئے کوشاں ہے ،ڈاکٹر آمنہ امام

ہر دو سال بعد ’’خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے حکومتی اقدامات‘‘ کا اعلان کیا جاتا ہے ،سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ پنجاب

جمعرات 25 فروری 2016 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 فروری۔2016ء) سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ پنجاب ڈاکٹر آمنہ امام نے کہا ہے کہ حکومت ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے خواتین کی ترقی اور بنیادی امور میں خود مختاری دلوانے کے لیے کوشاں ہے اورمحکمہ کی پالیسی کے مطابق ہر دو سال بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے خواتین کے تشخص کی بحالی کے حوالے سے ’’خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے حکومتی اقدامات‘‘ کا اعلان کیا جاتا ہے تاکہ خواتین کے حقوق کی بحالی اور انہیں زندگی کے مرکزی دھارے میں شامل کرکے انہیں مزید بااختیار بنایا جائے ان باتوں کا اظہار انہوں نے ریڈیوپاکستان لاہور کے پروگرام ’’ رابطہ کے سلسلے ترقی کی راہ پر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا محکمہ ترقی نسواں کا قیام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر 8مارچ2012ء کوعمل میں آیا اب محکمہ اپنے مقاصد کی تکمیل کیلئے آئندہ پانچ سالہ لائحہ عمل بنا رہا ہے جس سے محکمہ کی پالیسی اور سمت کا تعین مزیدواضح ہو گااور حکومت پنجاب کی جانب سے مناسب قیمتوں پر آمد رفت کے لئے سکوٹی فراہم کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں رجسٹریشن کے بعد خواتین کو بلامعاوضہ ڈرائیونگ کی تربیت اور لائسنس کی فرہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر آمنہ امام کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ پنجاب ڈے کیئر فنڈ سوسائٹی کے تحت پنجاب بھر کے تقریبا تمام بڑے تعلیمی ،سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں ملازمت پیشہ خواتین کے چھوٹے بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ڈے کیئر سینٹرز قائم کے جا رہے ہیں ۔اب تک54سینٹرز کو فنڈز فراہم کردئیے گئے ہیں جن میں سے 42سینٹرز مکمل طور پر کام کر رہے ہیں ۔

جبکہ باقی سینٹرز بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔ان سینٹرز کے قیا م میں محکمہ کل اخراجات کا70فی صداور ایک سال کا خرچہ بھی ادا کررہا ہے۔ان سینٹرزکے قیا م سے ملازمت پیشہ خواتین کو نہ صرف اپنے بچوں سے متعلق اطمینان رہے گا بلکہ وہ اپنا کام بھی بہتر طور پر کر سکیں گی۔ڈاکٹر آمنہ امام نے اس موقع پر اس امر کا اظہار بھی کیا کہ ان کے محکمہ کا ایک بنیادی مقصد خواتین کے حقوق سے متعلق عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنا بھی ہے ۔

محکمہ کے آگاہی پروگراموں میں ضلع قصور میں شروع کیے جانیوالا پراجیکٹ ’’صنفی امتیاز پر مبنی تشدد سے پاک ضلع‘‘قابل ذکر ہے ۔ جس کے تحت گلی محلوں میں منتخب خواتین کو بنیادی حقوق سے متعلق معلومات دی جائیں گی تاکہ وہ اپنے علاقے کی خواتین کو بھی آگاہ کریں اور انہیں کسی بھی نا خوشگوار واقعے یا حقوق کی پامالی کی صورت میں شرع اور قانون کی مدد لینے میں آسانی ہو ۔سیکرٹری وومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر آمنہ امام کا یہ انٹرویو ریڈیوپاکستان لاہور سے نشر کیاگیا ۔ پروگرام کے میزبان شکیل گیلانی جبکہ پروڈیوسر کاشف غوری تھے۔

متعلقہ عنوان :