شہر پانی اور صفائی کے ابتر مسائل سے دوچار ہے، حکومت سندھ اختیارات دینے میں مزید تاخیر کر کے اگلا بجٹ کھانا چاہتی ہے، نامزد میئر کراچی وسیم اختر

اب تک اختیارات نہ دینا آئین کی خلاف ورزی اور سپریم کورٹ کے احکامات کو ناکام بنانے کی کوشش ہے، حکومت سندھ کام نہیں کر پا رہی، کسی اور کو ٹیک اوور کر لینا چاہیے

جمعرات 25 فروری 2016 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر پانی اور صفائی کے ابتر مسائل سے دوچار ہے، حکومت سندھ اختیارات دینے میں مزید تاخیر کر کے اگلا بجٹ کھانا چاہتی ہے۔ اب تک اختیارات نہ دینا آئین کی خلاف ورزی اور سپریم کورٹ کے احکامات کو ناکام بنانے کی کوشش ہے، حکومت سندھ کام نہیں کر پا رہی، کسی اور کو ٹیک اوور کر لینا چاہیے۔

ان وزیرمواصلات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں پرائم ایونٹ منیجمنٹ اور پاکستان سٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے تعاون سے جاری تین روزہ پاک واٹر ایکسپو کے آخری روز اختتامی تقریب سے خطاب اور بعد میں صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر واٹر ایکسپو کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کامران عباسی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ک شہر پانی کے مسائل میں گھرا ہوا ہے، عوام اور صنعتکار سب پریشان ہیں۔

افسوس کسی صاحب اقتدار جماعت نے ان مسائل کو نہیں دیکھا، شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو رہا ہے۔ حکومت سندھ بلدیاتی انتخابات کے باوجود اب تک اختیارات منتقل نہیں کرنا چاہتی۔ یہ آئین کی خلاف ورزی اور سپریم کورٹ کے حکامات کو ناکام بنانے کی کوشش ہے۔ وسیم اختر نے کہا کہ اگر لوکل گورنمنٹ کا میئر والا مسئلہ حل ہو گیا تو دفتر سنبھالتے ہی پانی اور صاف پانی اور صفائی ہماری پہلی ترجیح ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک اوسسز کمپنی کو کرپٹ سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہے، ان کی کارکردگی اندرون سندھ میں سب کے سامنے ہے۔ موقع ملا تو اس معاملے کا آڈٹ کرائیں گے، حکومت سندھ کی عوامی مسائل میں جتنی دلچسپی ہے ہمیں انہیں بائی پاس کرنا ہو گا۔ وسیم اختر نے کہا کہ حکومت سندھ فرئیر ہال اور کے ڈی اے کو بھی واپس لینا چاہتی ہے، کیا سندھ حکومت سب کام ٹھیک کر رہی ہے؟ واٹر بورڈ وزیراعلی کے اماتحت ہے، اس کی حالت دیکھ لیں۔

باغ ابن قاسم کی حالت دیکھ لیں۔ وزیراعلی صاحب سے گزارش ہے ہک کراچی بھی سندھ کا حصہ ہے، اسے اندرون سندھ کی طرح نہ چلائیں۔ حکومت سندھ کام نہیں کر پا رہی، کسی اور کو ٹیک اوور کر لینا چاہیے. پاک واٹر ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر صفائی نہیں کرائی تو ایم کیو ایم خود شہر کی صفائی شروع کر دے گی۔ اس سے قبل پروجیکٹ ڈائریکٹر کامران عباسی نے انہیں نمائش میں لگے اسٹالز کا دورہ کرایا۔ تقریب کے اختتام پر وسیم اختر نے پاک واٹر ایکسپو کے منتظمین اور شریک کمپنیوں کے نمائندوں میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔