ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی عدم تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

جمعرات 25 فروری 2016 21:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء)ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی عدم تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست گزارنوشاب اے خان ایڈووکیٹ نے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کاآئینی عہدہ کسی صورت خالی نہیں رکھا جا سکتا۔

(جاری ہے)

نوید رسول مرزا کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل کے عہدے سے استعفیٰ کے ایک ماہ گزرنے کے باوجود اس عہدے پر نئی تقرری نہیں کی گئی جس سے سائلین اور وکلاکو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے عہدے کے خالی ہونے کے پندرہ یوم کے اندر اس عہدے کو پر کیا جانا لازم ہے مگر حکومت پنجاب اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے عہدے پر فوری تقرری کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔