پیمرا کونسل آف کمپلینٹس پشاور نے پیمرا قوانین کی پاسداری نہ کرنے والے کیبل آپریٹرز کے لائسنسوں کی تجدید نہ کرنے کی سفارش کر دی

جمعرات 25 فروری 2016 21:34

اسلام آبا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) پیمرا کونسل آف کمپلینٹس پشاور نے اپنے 62ویں اجلاس میں پیمرا ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے اور لائسنس کی تجدید کیلئے مطلوبہ کوائف جمع نہ کروانے کی پاداش میں میسرزڈیرہ کیبل نیٹ ورک ڈیرہ اسماعیل خان اور میسرز بلیو برڈ کیبل نیٹ ورک ڈیرہ اسماعیل خان کے کیبل ٹی وی لائسنسوں کی تجدید نہ کرنے کی سفارش کر دی۔

جبکہ، میسرز گندھارا کیبل نیٹ ورک مردان اور میسرز عروج انٹرنیشنل کیبل نیٹ ورک کو لائسنس یافتگان کی درخواست پرمزید ایک موقع فراہم کرتے ہوئے ھدایت کی کہ وہ کونسل کی اگلی میٹنگ تک مطلوبہ کو ائف جمع کرا دیں۔چینل 24- کے خلاف محمد عالم زیب ایڈووکیٹ کی شکایت کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے چینل اینکر، مالکان اور شکایت کنندہ کو اگلی میٹنگ میں حاضری کے نوٹس جاری کر دیئے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے سابقہ گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب احمد خان کی کردار کشی کرنے پر چینل 24- کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔کونسل نے درخواست گزار امبر شکیل درانی ، ایڈووکیٹ ڈسٹرکٹ کورٹ ایبٹ آباد کی نیشنل جیوگرافک چینل اور کشش ٹی وی چینل کے خلاف اخلاق باختہ پروگرام نشر کرنے کی شکایت پر مذکورہ چینلز کو اگلی سماعت میں طلب کرتے ہوئے کشش چینل کو نوٹس جاری کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

خیبر نیوز ٹی وی چینل کے رپورٹر الف خان شیر پاؤ کے خلاف عائد 5 لاکھ روپے جرمانے کی دوبارہ سماعت کرتے ہوئے کونسل نے سماعت اگلے اجلاس تک مؤخر کر دی۔اجلاس میں دیگر ممبران؛ عبدالستار خان، سید حماد حسین شاہ، مسز فرح خان، مسز فرح سلطان اشرف، محمد ارشاد اور طارق محمود (ریجنل جنرل مینیجر / سیکریٹری ٹو کونسل) بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :