بلاول اوربختاور پی سی بی کی دعوت پر نہیں یو اے ای کے وزیر ثقافت کی دعوت پر پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے آئے ‘ نجم سیٹھی

جمعرات 25 فروری 2016 21:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) چیئرمین پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کافائنل میچ دیکھنے کیلئے کرکٹ بورڈ کی جانب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور ان کی ہمشیرہ بختاور بھٹو کو دعوت نہیں دی گئی تھی بلکہ متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت شیخ نہیان نے انہیں دعوت دی ۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے انہیں کہا آپ نے ہمیں پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کیلئے دعوت نہیں دی جس پر میں نے جواب دیا کہ نوازشریف وزیراعظم ہیں اور عمران خان سابق کرکٹر ہیں اس لیے ہم نے انہیں دعوت دی اور اس کے علاوہ کسی سیاستدان کو دعوت نہیں دی ۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی کا کہناتھا کہ رائل باکس بھی شیخ نہیان کا ہے ،میچ دیکھنے کیلئے جب شیخ نہیان سٹیڈیم میں آئے تو بلاول اور بختاور بھٹو انہیں ریسیو کرنے کیلئے وہاں کھڑے تھے اور شیخ صاحب نے دونوں کا ہاتھ پکڑا اور اپنے ساتھ لے گئے اندر پہنچ کر انہوں نے بلاول اور بختاور کو اپنے پاس بٹھایا اس کے بعد جب قومی ترانے کیلئے سٹیج پر جانے لگے تو بلاول نے کہا کہ ہم یہیں بیٹھتے ہیں آپ جائیں تو شیخ نہیان نے کہا کہ نہیں آپ ہمارے ساتھ چلیں اور جب کھیل ختم ہو اتورخصتی کیلئے شیخ نہیان نے دونوں کا ہاتھ پکڑا اور انہیں گاڑی میں رخصت کیا ۔