بی آئی ایس پی بورڈ کا اجلاس،کریڈٹنگ فنڈز کے استعمال کی منظوری دے دی

جمعرات 25 فروری 2016 21:33

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس ، ایم این اے ماروی میمن نے بی آئی ایس پی سیکرٹریٹ میں 25ویں بی آئی ایس پی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی۔ گزشہ سال فروری میں پروگرام کی چیئرپرسن کا منصب سنبھالنے کے بعدیہ ان کی زیر صدارت چوتھا اجلاس تھا۔ اجلاس میں بورڈ ممبران ڈاکٹر زیبا اے سٹھار، جناب یاور عرفان خان، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر علی چیما، فنانس ڈویژن، اکنامک افیئرز ڈویژن، دفتر خارجہ کے نمائندگان اور سیکرٹری بی آئی ایس پی، محمد سلیم احمد رانجھا نے شرکت کی۔

اپنے استقبالیہ کلمات کے دوران ، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے ادارے کی جانب سے کئے گئے حالیہ اقدامات اور اجلاس کے حوالے سے اہم امورکے بار ے میں شرکاء کو مختصر ا آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمارے لیے حوصلہ افزاء ہے کہ بی آئی ایس پی مستحق افراد کی نشاندہی کے حوالے سے دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔ بی آئی ایس پی قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (NSER)کو اپ ڈیٹ کرنے کیلئے تیار ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ NSERمیں پورے ملک کا یکساں طور پر احاطہ کیا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ NSERکی اپ ڈیٹشن کے معیار کو بہتر کرنے کیلئے تکنیکی طور پر بہترین حل کا انتخاب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک بہترین رجسٹری کو اپ ڈیٹ کرنے کی جانب گامزن ہیں۔ بورڈ کے ممبران کو NSERکو اپ ڈیٹ کرنے کے حوالے سے پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔بورڈ ممبران کومطلع کیا گیا کہ دوبارہ سروے کرنے کی منظوری وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے دی تھی۔

NSERکو دو مراحل میں اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں جون 2016سے قبل ملک کے چار صوبوں، آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کی ایک ایجنسی سمیت 16اضلاع میں سروے کا آغاز کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں ملک بھر میں سروے کا آغاز کردیا جائے گا۔ ایجنڈا پر غور و فکر کے بعد ، بی آئی ایس پی بورڈنے مستحقین کے وسیع تر مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے تجویز شدہ ڈی کریڈٹنگ پالیسی کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ بی آئی ایس پی بورڈ نے آپریشنل اخراجات کیلئے ڈی۔ کریڈٹنگ فنڈز کے استعمال کی منظوری دے دی۔ آخر میں، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے معزز بورڈ ممبران خصوصا دیگر شہروں سے اسلام آباد تشریف لانے والے اراکین کا انکی اجلاس میں شمولیت پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :