دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ، اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے،صدراسلامی یونیورسٹی

جمعرات 25 فروری 2016 21:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا ہے کہ قتل و غارت اوردہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز جامعہ کی دعوہ اکیڈمی کے زیر اہتمام ائمہ و خطباء کے لیے 88 ویں تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

3 ماہ دورانیے کے اس کورس میں ملک بھر سے 35 آئمہ و خطبا نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الدریویش نے کہا کہ اسلام میں ہر معاملے کا حل موجود ہے اور مسلمان اعتدال پسند امت ہیں جبکہ اسلام افراط و تفریط کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں مخالفین کے منفی عزائم کے سد باب کے لیے امت کو اتحاد کا لائحہ عمل اپنانا ہو گا۔پروگرام میں مکتبہ الدعوہ ، اسلام آباد کے سربراہ ڈاکٹر سعد الدوسری نے بھی شرکت کی اور اپنے خطاب میں جامعہ کی امت کے لیے خدمات کو سراہا۔قبل ازیں ڈائریکٹر دعوہ اکیڈمی ڈاکٹر سہیل حسن نے استقبالیہ کلمات میں صدر جامعہ کو خوش آمدید کہا اور شرکاء کورس کو ان کی کامیابی پر مبارک پیش کی۔ اختتام پر تمام شرکاء کورس کو اسناد اور کتابوں کے تحائف دیے گئے۔

متعلقہ عنوان :