چیئرمین ایچ ای سی کا سکھر آئی بی اے کادورہ، اساتذہ اور طلباء سے ملاقات

جمعرات 25 فروری 2016 21:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) چئیرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر مختار احمد نے جمعرات کے روز سکھر انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کا دورہ کیا اور اساتذہ اور طلباء سے بات چیت کی۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ ڈوژ ن کے رکن ڈاکٹر غلام رضا بھٹی اور ایچ ای سی کراچی سنٹر کے ریجنل ڈائریکٹر جناب سلیمان احمد بھی آپ کے ہمراہ موجود تھے۔

سکھر آئی بی اے کے اعلٰی حکام بشمول رجسٹرار اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ سکھر آئی بی اے کے ڈائریکٹر نثار احمد صدیقی نے ہر شعبے میں ایچ ای سی کے تعاون اوررہنمائی پر ایچ ای سی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے طلباء کے مسائل کے حل کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے جسکے تحت طلباء کے تعلیمی معیار کی بہتری کے حوالے سے کمیونٹی کالجز اور ششماہی سمیسٹر کا اجراء کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

طلباء سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ہماری قوم اورملک کو مزید ماہرین تعلیم اور آئی بی اے جیسے اداروں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنانے کے لئے ہماری جامعات کو مل کر قوم کو تعلیم کی روشنی سے منور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ناصرف اچھے پیشہ ور افراد کی ضرورت ہے بلکہ ہمیں ایسے افراد بھی چاہئیں جو اچھے اخلاق کے حامل ہوں اور ملکی تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

ایچ ای سی کے وفد نے انسٹی ٹیوٹ کے اکیڈیمک بلاک، نالج سنٹر اور سنٹر آف انٹرپرینیورشپ اینڈ بزنس انکیوبیشن کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مختار احمد نے نئے طلباء ہاسٹل کا بھی افتتاح کیا اور سکھر آئی بی اے کی مزید بہتری اور پاکستان کی خوشحالی کے لئے دعا کی۔