کرپشن اوردھاندلی (ن) لیگ کی رگ رگ میں شامل ہے،2002ء کے عام اورشفاف انتخابات میں نواز شریف کولاہور سمیت ملک بھر میں بدترین شکست ہوئی تھی

آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے چیف ایڈوائزر الطاف شاہد کا کارکنان سے خطاب

جمعرات 25 فروری 2016 21:06

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے مرکزی چیف ایڈوائزر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ کرپشن اوررگنگ نون لیگ کی رگ رگ میں شامل ہے، نوازشریف رگنگ کی بھرپورپلاننگ کے بغیر رِنگ میں نہیں اترتے،2002ء کے عام اورشفاف انتخابات میں انہیں لاہورسمیت ملک بھر میں بدترین شکست ہوئی تھی،نوازشریف نے اقتدار ہتھیانے کیلئے جھرلوچلایا اوراگران کابے رحم احتساب نہ ہواتوآئندہ الیکشن بھی شفاف نہیں ہوگا۔

وہ جمعرات کو اے پی ایم ایل لیڈیز ونگ کی عہدیدارا ن اورکارکنان سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سے کچھ بعید ہیں وہ اپنے بچاؤ کیلئے نیب کے پرکاٹ سکتے ہیں۔پاکستان میں جوکوئی حکمرانوں کے ناجائزکام میں ان کاسہولت کار نہیں بنتاوہ ان کے انتقام کانشانہ بن جاتا ہے۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کاراستہ روکنے کیلئے میاں نوازشریف اورآصف علی زرداری اندر سے ایک ہیں ۔

کوئی سیاسی یتم پرویز مشرف کے کارواں کونہیں روک سکتا ۔چودھری محمدالطاف شاہدنے مزید کہا کہ حکمران ٹولے کی پاکستان کے ساتھ دشمنی اورپڑوسی ملک سے دوستی آشکار ہے ۔پرویز مشرف کوبیماری اورڈاکٹرز کی ہدایات کے باوجود بیرون ملک جانے سے روکاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان کے صبر وتحمل کامزیدامتحان نہ لیا جائے ۔ہم منتقم مزاج حکمرانوں کو اپنے قائد پرویز مشرف کی زندگی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ طبیعت کی ناسازی کے سبب بیرون ملک جانا پرویز مشرف کاشوق نہیں بلکہ ان کی مجبوری اور ضرورت ہے ۔ ماضی میں پرویز مشرف نے میاں شہبازشریف کو علاج کی غرض سے جدہ سے لندن جانے کی اجازت دی تھی،حکمران اس حقیقت کوکس طرح فراموش کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کارویہ اورطرزحکومت آمرانہ ہے، ہم پلڈاٹ کی حالیہ سروے رپورٹ سے پوری طرح متفق ہیں ۔