امن وآمان کی خراب صورتحال‘ڈکیٹی کی وارداتوں میں اضافہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 25 فروری 2016 20:39

لکی مروت(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی پی اے۔25فروری۔2016ء)لکی مروت شہرمیں امن وآمان کی صورتحال روزبروزخراب ہوتی جارہی ہے ،روزانہ کی بنیادپرچوری ،ڈکیٹی،موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتیں ہورہی ہیں ،محلہ خوائیدادخیل سے نامعلوم چوردن دیہاڑے ہنڈاموٹرسائیکل لے اڑے،لکی مروت سٹی پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے پولیس سپاہی احسان اللہ ولدعصمت اللہ خان سکنہ محلہ خوائیدادخیل نے اپنے گھرکے سامنے موٹرسائیکل کھڑی کی وہ کچھ دیربعدگھرسے نکلاتوموٹرسائیکل غائب تھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ رات بھی لکی مروت شہرکے مصروف ترین علاقے لاری اڈہ میں نامعلوم نقب زنوں نے اسلحہ ڈیلرکے دکان کی چھت میں سوراخ کرکے لاکھوں روپے کااسلحہ ،کارتوس،پرائزبانڈزاورنقدی چوری کرلی ،دکان کے مالک فیصل ندیم نے پولیس کوبتایاکہ دکان سے 17عددتیس بورپستول ،1300تیس بورکارتوس،چالیس ہزارروپے مالیت کے دوعددپرائزبانڈز،ساڑھے سات ہزارروپے مالیت کاایک عددپرائزبانڈاورساڑھے تین ہزارروپے کی نقدی چوری کی گئی ہے ،پولیس نے رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ،واضح رہے کہ تین دن قبل ایک نجی بنک کے سامنے سے ایک تاجرسے نامعلوم افرادپینتیس لاکھ روپے نقدی کاتھیلاچھین کرفرارہوئے تھے ،جبکہ گزشتہ روزتھانہ ڈاڈیوالہ کی حدودمیں دوپولیس اہلکاروں کوڈاکوؤں کے روپ میں پکڑاگیاتھا۔