بینک الفلاح اور کار انداز پاکستان کے مابین مالیاتی خدمات سے متعلق جدید ڈیجیٹل سلوشنز مہیا کرنے کے لیے حال ہی میں دو معاہدے طے

جمعرات 25 فروری 2016 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 فروری۔2016ء) بینک الفلاح اور کار انداز پاکستان کے مابین ملک میں مالیاتی خدمات سے متعلق جدید ڈیجیٹل سلوشنز مہیا کرنے کے لیے حال ہی میں دو معاہدے طے کیے گئے ہیں۔پہلے معاہدے کے تحت کار انداز پاکستان بینک الفلاح کے کسٹمرز اور خصوصی طور پر بینکاری خدمات سے محروم طبقے کو بہترین ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کرنے میں تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرے گی۔

دوسرے معاہدے کا مقصدسپلائی چین ادائیگیوں کو ڈیجیٹائز کرتے ہوئے روایتی نقد لین دین کو والٹ اکاؤنٹ پر منتقل کرنا ہے۔ اس معاہدے کے ابتدائی مرحلے میں ہزاروں ریٹیلرز کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کیا جائے گا۔اس شراکت داری کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے بینک الفلاح کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف باجوہ نے کہا کہ بینک الفلاح بینکاری کی سہولت سے محروم اور مالیاتی خدمات تک محدود رسائی رکھنے والی آبادی کو خدمات کی فراہمی کے ذریعے ملک میں مالیاتی خدمات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

ہم پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے منظر نامے کو بہتر بنانے میں سب سے آگے ہیں اور یہ شراکت داری کسٹمرز کی بدلتی ہوئی ضرورتوں کے مطابق جدید سپلائی چین پے منٹ سلوشنز مہیا کرنے میں مدد فراہم کریگی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کارانداز پاکستان کے عبوری سی ای او امداد اسلم نے کہا کہ’بینکاری کی سہولتوں تک رسائی رکھنے اور اس سے محروم افراد کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے، دور دراز علاقوں کے افراد تک بینکاری خدمات کی رسائی بڑھانے کے لیے روایتی بینکاری کی متبادل سہولتوں کی ضرورت کو سمجھناانتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

بینک الفلاح کے ساتھ یہ دوہری شراکت داری اس لحاظ سے بھی بہت خوش آئند ہے کہ اس کے ذریعے ہمیں خوردہ فروشوں کے رجحانات کو جاننے کا موقع ملے گا جس سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کے لیے موثر اور باسہولت اسٹرکچر تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :