نیشنل جونیئر ہاکی چمپئن شپ میں پنجاب وائٹ نے گلگت بلتستان کو شکست دیدی

جمعرات 25 فروری 2016 20:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 فروری۔2016ء) نیشنل جونیئر انڈر20 ہاکی چیمپئن شپ میں پنجاب وائٹ نے گلگت بلتستان کو صفر کے مقابلے سات گول سے شکست دیدی ، اس موقع پر سابق ورلڈ سکواش چیمپئن قمرزمان مہمان خصوصی تھے ۔ ان کے ہمراہ صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید ظاہر شاہ ، پشاور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہدایت الله ، انٹر نیشنل کھلاڑی ضیاء الرحمان بنوری سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاورمیں جاری 35 ویں نیشنل جونیئرہاکی چمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں گزشتہ روز پنجاب وائٹ اور گلگت بلتستان ٹیموں کے مابین میچ کھیلاگیا جس میں پنجاب نے صفر کے مقابلیپانچ گول سے کامیابی حاصل کی ۔

(جاری ہے)

پانچویں منٹ میں افضال نے پنلٹی سٹروک، 13 ویں منٹ میں مزمل ، 15 ویں منٹ میں محمد عمر، 42 ویں منٹ میں افضال حفیظ، 46 ویں میں محمد شہباز نے گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی اس موقع پر مہمان خصوصی سابق ورلڈ چیمپئن قمرزمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں دیگر کھیلوں کی طرح ہاکی میں بھی کافی ٹیلنٹ موجود ہے لیکن سہولیات اور فنڈز کی کمی کے باعث قومی کھیل کو کافی نقصان پہنچا ، انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں اگر ہاکی زندہ ہے تو اس کی اصل وجہ صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید ظاہر شاہ ہے جو کہ روزانہ گراؤنڈ میں شام تک نہ صرف موجود ہوتے ہیں بلکہ کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کے حل میں بھی مدد کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک کے دیگر صوبوں میں بھی ایسوسی ایشن کے عہدیدار گراؤنڈز کو تھوڑا بھی وقت دے تو ہمارے پاس کافی ٹیلنٹڈ کھلاڑی سامنے آسکتے ہیں جو کہ مستقبل میں ملک وقوم کانام روشن کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ جب تک وہ اپنی محنت ، لگن اور ایمانداری کے ساتھ نہیں کھیلیں گے وہ کبھی بھی ورلڈ چیمپئن نہیں بن سکتے ۔

متعلقہ عنوان :