وفاقی حکومت نے قدرتی گیس کی درآمد و فروخت کا لائسنس نجی شعبے کو دیدیا

جمعرات 25 فروری 2016 20:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 فروری۔2016ء) وفاقی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار قدرتی گیس کی درآمد و فروخت کا لائسنس نجی شعبے کو دیدیا ہے جس سے اب سی این جی سیکٹر کو گیس کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو سکے گی اور سی این جی کی بندش کا سلسلہ بھی ختم ہو جائے گا، پاکستان میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا لائسنس یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی (یو جی ڈی سی ) کو جاری کیا گیا ہے،اور یہ کمپنی اپنے طور پر ایل این جی درآمد کر کے یا کسی بھی سرکاری یا نجی ذریعے سے خرید کر ملک کے کسی بھی حصے میں فروخت کر سکے گی۔

اسی حوالے سے کمپنی کے چیئرمین بریگیڈئیر افتخار احمد اور چیف ایگریکٹو آفیسر غیاث پراچہ کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ لائسنس ملکی تاریخ میں ایک منفرد عمل ہے جس سے اس شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ اور توانائی بحران حل کرنے میں مدد ملے گی، اور یہ دنیا کی تاریخ میں کسی ڈوبتی صنعت کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت بیل آؤٹ کی پہلی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی طور پر پنجاب کے ہزاروں سی این جی اسٹیشنز کو سوئی گیس کمپنیوں کے نیٹ ورک کے ذریعے مروجہ قوانین کے مطابق لگاتار اور بلاتعطل گیس فراہم کی جائے گی جو پٹرول سے 30 فیصد سستی ہو گی جس سے آئل امپورٹ بل اور آلودگی میں کمی آئے گی اور سب سے اہم بات یہ کہ اس اہم اقدام سے پاکستان بھر سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا،اس سے سی این جی شعبے میں کی گئی 350ارب کی سرمایہ کاری ڈوبنے سے بچ گئی ہے اور اس کامیابی کی سہرا وزیراعظم نواز شریف کے سر ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس پرائیویٹ ماڈل کے تحت گھریلو صارفین کی کم پریشر کی شکایت کے پیش نظر سی این جی اسٹیشنز کے لیے الگ پائپ لائنز ڈالی جائیں گی یا اسٹیشنز کو منتقل کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :