آئندہ سال9ہزا میگاواٹ بجلی سسٹم میں داخل ہونے سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا ‘ خادم حسین

جمعرات 25 فروری 2016 19:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) فیروز پور بورڈ لاہور کے سینئر نائب صدر وایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس خادم حسین نے وزیراعظم کی جانب سے آئندہ سال 9ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہونے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی توانائی کے شعبہ میں سنجیدہ کوششوں سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوگا، وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے توانائی بحران کے خاتمہ کے لیے منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی سے یہ منصوبے جلد مکمل ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران اور بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ نے عوام کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبہ کو بھی بری طرح متاثر کیا ہوا ہے حکومت کی طرف سے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کا آغاز درست سمت قدم ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ٹائم فریم مقرر کیا جائے۔

(جاری ہے)

خادم حسین نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمہ سے ہی انڈسٹری کا پہیہ رواں دواں ہوگا اور حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن مکمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ کالا باغ ڈیم منصوبہ کی طرف بھی رجوع کیا جائے کیونکہ ہائیڈل منصوبے تھرمل منصوبوں کی نسبت سستی بجلی فراہم کرنے کا آسان اور دیرپا حل ہے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف اڑھائی روپے یونٹ والی3600 میگا واٹ سستی بجلی حاصل ہوگی بلکہ اس کی تعمیر سے دریاؤں میں سارا سال زراعت کیلئے وافر پانی بھی دستیاب ہوگا ۔صنعت و زراعت کی ترقی کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں اور اس کی فوری تعمیر کا آغاز ہی ملک قوم کے مفاد میں بہتر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :