وزیراعظم (کل ) ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

نوازشریف اپنے دورے میں گرین لائن بس کا افتتاح اور شہر میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے گرین لائن بس منصوبہ ملک کا پہلا تیز رفتار ٹرانسپورٹ کا نظام ہو گا جو وفاق کی طرف سے شہر کراچی میں بنایا جائے گا

جمعرات 25 فروری 2016 19:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 فروری۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف (کل ) جمعہ کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے جہاں وہ گرین لائن بس کا افتتاح اور شہر میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے،گرین لائن بس سروس کا منصوبہ ملک کا پہلا تیز رفتار ٹرانسپورٹ کا نظام ہو گا جو وفاق کی طرف سے شہر کراچی میں بنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف(کل) جمعہ کو کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، گرین لائن بس منصوبہ ملک کا پہلا تیز رفتار ٹرانسپورٹ کا نظام ہے، یہ منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کیا جا رہا ہے، گرین لائن بس منصوبہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری کیلئے اہم سنگ میل ہے، یہ منصوبہ شہر قائد ٹرانسپورٹ کے نظام پر دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہو گا، یہ منصوبہ کراچی کے شہریوں کو سستی سفری سہولیات بہم پہنچائے گا، گرین لائن بس سرجانی ٹاؤن سے میونسپل پارک ایم اے جناح روڈ تک چلے گی، منصوبہ کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے خود مختار ادارے کے زیر انتظام ہو گا، فریقین پر مشتمل بورڈ آف ڈائریکٹرز کمپنی کا انتظام و انصرام سنبھالے گا۔

(جاری ہے)

سرکاری حکام، آزاد و تکنیکی ڈائریکٹرز اور ماہرین فیصلہ سازی کیلئے آزاد ہوں گے، بورڈ آف ڈائریکٹرز گرین لائن بس کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کا ذمہ دار ہو گا، منصوبے کی تکمیل سے روزانہ 3لاکھ شہریوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی، گرین لائن بس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 16ارب روپے ہے۔ وفاقی حکومت منصوبے کے تمام اخراجات برداشت کر رہی ہے، یہ منصوبہ ایک سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔