شفاف مردم شماری ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے ضروری ہے ، درست اعدادوشمار کے بغیر ملکی سمت کا تعین درست نہیں ، موجودہ حکومت مردم شماری کروانے کیلئے لیت ولعل سے کام لے رہی ہے ،جنگلہ بس اور اورنج لائن ٹرین منصوبوں کی آڑ میں غریبوں کو چھت کے سائے سے محروم کردیا گیا

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی یوتھ ونگ ضلع اوکاڑہ کے کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعرات 25 فروری 2016 19:23

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ شفاف مردم شماری ملک کی اقتصادی ترقی وخوشحالی کے لئے ضروری ہے ، درست اعدادوشمار کے بغیر ملکی سمت کا تعین درست نہیں ، موجودہ حکومت مردم شماری کروانے کیلئے لیت ولعل سے کام لے رہی ہے جو ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ۔جنگلہ بس اور اورنج لائن ٹرین منصوبوں کی آڑ میں غریبوں کو چھت کے سائے سے محروم کردیا گیا ، ترقی کے نام پر عوام کا جنیا دوبھرکردیا گیاہے ۔

وہ جمعرات کو یہاں مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ ضلع اوکاڑہ کے کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت جب سے برسراقتدار آئی ہے اِس نے ہمیشہ عوامی مفادات کو نظرانداز کیاہے اور اپنے مفادات کو مقدم رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت کی کوئی واضح اور حقائق پر مبنی پالیسی نہیں ، سب کچھ مفروضوں پر ہورہاہے جس سے متاثر صرف اور صرف عام آدمی ہواہے ۔

نام نہاد ترقی کے نام پر میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبے بناکر غریبوں کی بستیاں اُجاڑ دی گئیں اور انہیں دربدر کردیاگیا۔ ترقیاتی فنڈز کو صرف لاہور اور رائیونڈتک محدود کرکے پورے پنجاب کی عوام کو مشکلات کا شکارکیا جارہا ہے ۔ جنوبی پنجاب میں آج بھی پینے کے صاف پانی اور صحت وتعلیم جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان پایا جاتاہے جس کی وجہ سے وہاں احساس محرومی بڑھ رہاہے ۔

حکومتی وزراء سارا زور اَپوزیشن کو نیچادکھانے پر لگائے ہوئے ہیں جبکہ اُن کی اپنی کارکردگی بھی سوالیہ نشان بنی ہوئیں ہیں ۔ جس دور میں غریب کی جمع پونجی ہی نہ رہے اُس میں چند مقام پر نام نہاد ترقی کو ملکی خوشحالی سے کیسے تعبیر کیا جاسکتاہے ۔ پنجاب میں جتنی بھی ترقی ہوئی وہ مسلم لیگ (ق) کے دور میں ہوئی ہے جو پاکستانی تاریخ کا حصہ بن چکی ہے اور جسے آج بھی عوام اپنے ذہنوں میں رکھے ہوئے یاد کرتے ہیں ۔ٍ