نیب کی خامیاں ،کمزوریاں دور کرنے کیلئے کمیشن بنانے کی تجویز ہے‘2018میں لوڈشیڈنگ مکمل ختم ہوجائے گی ‘ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا جواب دانشمندی سے دینا چاہیے

مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صد یقی کا تقر یب سے خطاب

جمعرات 25 فروری 2016 19:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نیب کی خامیاں ،کمزوریاں دور کرنے کیلئے کمیشن بنانے کی تجویز ہے‘ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا جواب دانشمندی سے دینا چاہیے، آج کا پاکستان بیس سال پہلے کے پاکستان سے بہت مختلف ہے ، نواجوان نسل کو نااْمیدی کی کہانیاں سنانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، نا اْمیدی چھوڑیں گے تو پاکستان دنیا کی آٹھویں قوت بنے گا خامیاں اور کمزوریاں حکو متیں نہیں معاشرہ اور دانشور دور کرتے ہیں۔

وہ جمعرات کو یہاں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام سالانہ تین روزہ نظریہ پاکستا ن کا نفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے صدر محمد رفیق تارڑ و دیگر دانشورں اور صحافیوں نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

عرفان صدیقی نے کہاکہ نظریہ پاکستان کو اْس کی اساس کے اندر رہتے ہوئے جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھانا ہوگا ،نااْمیدی بے یقینی اور مایوسی کو ساتھ لے کر آگے نہیں بڑھ سکتے، نیب پر کمیشن بنانے کی تجویز ہے لیکن یہ صرف نیب کی خامیوں اور کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے ہے اور اس پر حتمی نظام وضع کرنے سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت بھی کی جائے گی ، عمران خان جس نیب پر پہلے خود تنقید کرتے تھے اب وہی نیب اسے اچھا بھی نظر آ رہا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پاکستان 2013کے پاکستان سے بہت مختلف ہے دہشت گردی ختم ہونے کے قریب ہے کراچی امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے بلوچستان کے حالات میں بہتری آئی ہے پاکستان کی اقتصادی صور ت حال کافی بہتر ہوئی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر 20ارب ڈالر سے تجاوز کر گے ہیں بجلی کے منصوبے تیزی سے جاری ہیں اور 2018میں لوڈشیڈنگ مکمل ختم ہوجائے گی اس لیے نوجوان نسل کو مایوسی اور نا اْمیدی کے قصے سنانے سے بہتر ہو گا کہ اسے پاکستان پر اعتماد کرنے دیا جائے۔

نوجوان نسل سے ہمیں بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور اِس میں پاکستان کو آگے لے کر جانے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی معروف شاعر اور ادیب امجد اسلام امجد کے گھر گئے اور اْن کے والد کی وفات پر اْن سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ عرفان صدیقی نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی کے لیے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :