نوکری کا جھانسہ دے کر لاہور سے لڑکیوں کو دبئی بیچنے والے گروہ کا انکشاف

متاثرہ لڑکیوں کی والدہ نے دھوکہ دینے والے شخص کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے سیشن جج کی عدالت میں درخواست دیدی

جمعرات 25 فروری 2016 19:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دے کر لاہور سے لڑکیوں کو دبئی بیچنے والے گروہ کا انکشاف ہواہے۔ متاثرہ لڑکیوں کی والدہ نے دھوکہ دینے والے ایک شخص کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے سیشن عدالت میں درخواست دیدی۔تفصیلات کے مطابق لاہور کا امجد نامی شخص نوجوان لڑکیوں کو نوکری دلانے کے بہانے دبئی بھجواتا ہے جہاں لڑکیوں کو جسم فروشی کا مکروہ دھندہ کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اندرون بھاٹی گیٹ کی رہنے والی دو بہنوں رضیہ اور زرینہ کو بھی نوکری کا جھانسہ دیکر جسم فروشی پر لگا دیا گیا۔لڑکیوں کی والدہ نے بچیوں کو دھوکہ سے دبئی بھیجنے والے شخص امجد کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے سیشن عدالت میں درخواست دیدی ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ عدالت اس کی بیٹیوں کو واپس لانے کے اقدامات کروائے۔درخواست گزار خاتون کا کہنا ہے کہ امجد نامی شخص نے نوکری کا جھانسہ دیکر بیٹیوں کو فروخت کردیا۔ خاتون نے ا لزام لگایا کہ پولیس بھی ملزم کے خلاف مقدمہ درج نہیں کر رہی۔