سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھالنے کی بجائے مل کر کام کرنا ہو گا،اس طرح ملک بچے گا،حکمرانوں کی آنکھیں اور کان بند ہو چکے ہیں ،، 50فیصد سے زائد لوگ کسی سیاسی جماعت کو نہیں ، آزاد امیدواروں کو ووٹ دیتے ہیں

قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا سیمینار سے خطاب

جمعرات 25 فروری 2016 19:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھالنے کی بجائے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا، تب ہی یہ ملک بچے گا، دہشت گردوں کا صفایا ہو گا اور ہماری آنے والی نسلیں خوشحال ہو سکیں گی،حکمرانوں کی آنکھیں اور کان بند ہو چکے ہیں، انہیں غریب عوام نظر نہیں آتے، 50فیصد سے زائد لوگ کسی سیاسی جماعت کو نہیں بلکہ آزاد امیدواروں کو ووٹ دیتے ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں اور جمہوری نظام سے تنگ آ چکے ہیں، حکمران غریب عوام کے نام پر ووٹ لیتے ہیں اور پھر انہی کا گلا کاٹتے ہیں، چھوٹے صوبے چیختے رہتے ہیں مگر ان کی کوئی نہیں سنتا، نوازشریف بھی بولتے ہیں مگر دیر سے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو ایوان اقبال لاہور میں سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ حکمران غریب عوام کے نام پر ووٹ لیتے ہیں ، ملک بنتا ہے ،غریب کے نام پر اور پھر غریب ہی کا گلہ کاٹا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹنے والے مگرمچھوں کو پکڑنے کا پہلے کہا تھا، چھوٹے صوبے چیختے رہتے ہیں ان کی کوئی سنتا نہیں ہے، میاں صاحب بھی بولتے ہیں مگر دیر سے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ سے ہاتھ دھونے کے باوجود ہم بھی احتجاج نہیں کرتے، اگر چھوٹے اور پسماندہ علاقوں میں سکول اور ہسپتال کھلتے تو مجھے یہ میٹرو بسیں اور ٹرینیں دیکھ کر بھی خوشی ہوتی۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ حکمرانوں کے کان اور آنکھیں بند ہو چکے ہیں، انہیں غریب عوام نظر نہیں آتی، ابھی لوکل گورنمنٹ انتخابات ہوئے ہیں، ان میں 50فیصد سے زیادہ عوام سے کسی سیاسی جماعت مسلم لیگ ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو نہیں بلکہ آزاد امیدواروں کو ووٹ دیئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام ہم سے تنگ آ چکے ہیں، عوام کے اوپر ہم اپنا اعتماد کھو چکے ہیں، جس کی وجہ حکمرانوں کے جھوٹے وعدے اور غلط کاریاں ہیں۔

قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہم مانتے ہیں اس ملک میں 45سال کسی اور کی حکومت رہی، حکومت نہیں رہی مگر اس کے باوجود ہمیں اپنی کمٹمنٹ کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں کو نعرے لگا کر سمجھاتے ہیں اور ووٹ کے ذریعے بھی سمجھاتے ہیں، حکمرانوں کو تنقید برداشت کرنی ہو گی اور اپنی اصلاحات کرنا ہوں گی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھالنے کی بجائے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا، تب ہی یہ ملک بچے گا، دہشت گردوں کا صفایا ہو گا اور ہماری آنے والی نسلیں خوشحال ہو سکیں گی