لاہور‘سی آئی اے پو لیس کی کاروائی پا کستان سمیت مختلف ممالک کے 50کروڑ مالیت سے زائد کے جعلی کرنسی نوٹ برآمد

پو لیس نے مشینری اور دیگر سامان قبضے میں لے لیاجبکہ بین الاقوامی گروہ کے7 ملزمان کوبھی گر فتار کر لیا‘مزید گر فتاریوں کا امکان

جمعرات 25 فروری 2016 18:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) صوبائی درالحکومت میں سی آئی اے پو لیس نے کاروائی کرتے ہوئے پاکستان اوربھارت سمیت مختلف ممالک کے 50کروڑ مالیت سے زائد کے جعلی کرنسی نوٹ برآمد کر کے مشینری اور دیگر سامان قبضے میں لے لیاجبکہ بین الاقوامی گروہ کے7 ملزمان کوبھی گر فتار کر لیا ہے۔ پو لیس حکام کے مطابق سی آئی اے پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر سگیاں کے قریب رہائشی آبادی میں واقع ایک چھاپہ ما ر کرجعلی کرنسی بنانے کا یونٹ پکڑ کر سات ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے پاکستان،بھارت، متحدہ امارات ، سعودی عرب اور کویت سمیت دیگر ممالک کے پچاس کروڑ مالیت سے زائد کے جعلی کرنسی نوٹ برآمدکر کے مشینری ، کیمیکلز اور دیگر سامان قبضے میں لیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سی آئی اے عمر ورک نے جعلی نوٹ بنانے والے یونٹ سے گرفتار ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بین الاقوامی گروہ ہے جو اپنے مقامات تبدیل کرتا رہتا ہے۔

اس سے قبل یہ گروہ علاقہ غیر میں کام کر رہا تھا اور پانچ چھ ماہ قبل وہاں سے لاہور منتقل ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے سگیاں کے رہائشی علاقے میں ایک گھر میں یونٹ لگا رکھا تھا جس کا پتہ لگانا ایک مشکل کام تھا لیکن کامیاب کارروائی کر کے 7ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جن میں ملزم ضیغم پہلے بھی گرفتار ہو چکا ہے جبکہ دیگر ملزمان میں کوئٹہ اور ڈیرہ بگٹی کے شہری بھی شامل ہیں۔

عمر ورک نے بتایا کہ چھاپے کے دوران یونٹ سے 50کروڑ زائد مالیت کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی ہے جس میں پاکستان ، بھارت ،کویت ، سعودی ریال ،متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کی کرنسی شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ پرنٹنگ پریس اور دیگر کیمیکلز کو بھی قبضے میں لیا گیا ہے اور تفتیش آگے بڑھنے پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔