سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ملوث ملزمان اور ان کے سرپرستوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے ،صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

جمعرات 25 فروری 2016 17:58

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء)جمعیت علماء پاکستان(نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن ملک کی تاریخ میں دھشت گردی کابدترین سانحہ ہے،جے آئی ٹی رپورٹ میں جو ملزمان بے نقاب ہوئے ہیں سانحہ پشاور کے ملزمان کی طرح انکے اور ان کے سرپرستوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے، جو ملک سے فرار ہو چکے ہیں ان کو فوری واپس لایا جائے اور ان کو بھی قانون کے مطابق فوری سزائیں دی جائیں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے سابقہ الیکشنوں میں ان دھشت گردوں کو ووٹ دیا ہے وہ سب اس بدترین گناہ میں شریک ہیں وہ اپنے اس گناہ سے توبہ کریں اور آئندہ ان کو ووٹ نہ دینے کا عہد کریں تو شاید اﷲ تعالیٰ انکے اس گناہ کو معاف کردے ورنہ تقریباََ ڈھائی سو جھلستے ہوئے بے گناہ لوگوں کی آہیں اور سسکیاں دنیا وآخرت میں ان کا پیچھا کرتی رہیگی انہوں نے کہا کہ سابقہ دور کی طرح آپریشن کرنے والوں نے اگرکسی دباؤ میں آکر اس کیس کو نامکمل چھوڑ دیااور انکے کرداروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا تو وہ بھی خدا کے غضب سے نہیں بچ سکیں گے بلکہ ان کا فرض بنتا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن جیسے دوسرے سانحات بولٹین مارکیٹ آتشزدگی سانحہ ،طاہر پلازہ اور سانحہ نشترپارک کی بھی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ان کے مجرموں کو بھی کیفر کردار تک پہنچا کران سانحات میں شہید ہونے والے مظلوموں کی روحوں کو خوش کریں اور انکے مظلوم ورثاء کی دعائیں لیں تاکہ دھشت گردی کے خلاف یہ آپریشن جلد کامیابی سے ہمکنار ہو،اگر ماضی میں ہونے والے ان بڑے بڑے دھشت گردی کے واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچادیا جائے تو دھشت گردی کے خلاف ہماری پاک فوج نے جس جنگ کا آغاز کیا ہے اس میں بہت بڑی کامیابی حاصل ہو سکتی ہیں۔