ضلع کورنگی میں صاف ستھرا سرسبز ماحول کا قیام یقینی بناکر صحت کی بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچائیں گے،غلام رسول ایڈمنسٹریٹر

جمعرات 25 فروری 2016 17:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی میں صاف ستھرا اور سرسبز ماحول کا قیام یقینی بنا کر صحت کی بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچا ئیں گے محکمہ ہیلتھ علاقائی سطح پر شاہراہوں اور گلیوں میں کوڑا کرکٹ پھنکنے اور کچرے کو آگ لگانے کے حوالے سے شکایات کے فوری ازالے کے لئے موثر اقدامات کریں ضلع کورنگی کی حدود میں صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے عوامی شکایات کو برداشت نہیں کیا جائیگا ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے صوبائی ویزر بلدیات کی ہدایت پر ضلع کورنگی میں بلدیاتی انتظامات کی بہتری اور صاف ستھرے صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے اقدامات کے حوالے سے جاری انتظامات کے معائنے کے ضلع کورنگی کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو اور ڈائریکٹر ہیلتھ رفیق شیخ بھی موجود تھے دورے کے موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ کورنگی نے ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی کو ضلع کورنگی میں صفائی وستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ علاقائی سطح پر سوئپنگ کے نظام کی بہتری کے ساتھ ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پر مکمل نگرانی میں کچرا کنڈیوں سے روزانہ کی بنیادوں پر کچرے کی منتقلی کو یقینی بنا یا جارہا ہے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر غلام رسول نے ہدایت کی کہ گلیوں محلوں کے ساتھ درسگاہوں اور عبادت گاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ واٹر اینڈ سیوریج بورٖڈ کے باہمی تعاون سے سیوریج مسائل سے عوام کو نجات دلا نے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو نے کہاکہ افسران وعملہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بناکر علاقائی ترقی اور مسائل کے خاتمے کے لئے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں ۔