قومی کر کٹ ٹیم کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے تمام خدشات دور

وزیر اعظم نے ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی باضابطہ اجازت دیدی

جمعرات 25 فروری 2016 17:21

قومی کر کٹ ٹیم کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے تمام خدشات دور

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے،قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کی قیادت میں چھٹے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شیڈول کے مطابق اپنے پول میچز کلکتہ، دھرم شالا اور موہالی میں کھیلے گی۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد پاکستان کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے تمام خدشات دور ہوگئے ہیں۔

ورلڈ ٹی ٹوئینٹی 8 مارچ سے بھارت میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 19مارچ کو دھرم شالہ میں کھیلا جائے گا۔مردوں کے ایونٹ کیلئے انعامی رقم 56لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے جو2014 میں بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے مقابلے میں86 فیصد زیادہ ہے اسی طرح خواتین کے ایونٹ کیلئے پرائز منی 122فیصد اضافے کے بعد چار لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

آٹھ مارچ سے تین اپریل 2016 تک کھیلے جانے والا یہ ٹورنامنٹ دو مراحل میں کھیلا جائے گا۔پہلے مرحلے کے گروپ ونرز 15سے 28 مارچ کے دوران دوسرے مرحلے میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بھارت کے ساتھ سپر 10مرحلے میں مد مقابل ہوں گے۔ایونٹ کے لیے ٹیموں کو دو گروپوں میں رکھا گیا ہے، پاکستان اور بھارت کی خواتین اور مردوں کی ٹیموں کے درمیان میچز ایک ہی دن 19 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کا پہلا 16 مارچ کو کوالیفائر ٹیم کے ساتھ ممبئی میں ہوگا، دوسرا میچ 19 مارچ کو بھارت سے دھرم شالا میں،تیسرا میچ 22 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف موہالی اور 25 مارچ کو آسٹریلیا سے موہالی میں ہی ہوگا۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا آخری گروپ میچ 28 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ 29مارچ کو آرام کا دن ہوگا۔ 30 مارچ کو پہلا سیمی فائنل نئی دہلی میں،31مارچ کو دوسرا سیمی فائنل ممبئی میں کھیلا جائے گا، دو دن آرام کے بعد3 اپریل کو کولکتہ میں ٹورنامنٹ کا فائنل ہوگا۔ پاکستان نے 2009 میں یونس خان کی قیادت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں فتح حاصل کی تھی۔

متعلقہ عنوان :