محکمہ انہار باٹا پور سب ڈویژن میں جعلی بلز کے ذریعے 50لاکھ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف

جمعرات 25 فروری 2016 16:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) محکمہ انہار میں جعلی بلز کے ذریعے 50لاکھ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے ، انٹی کرپشن نے محکمہ انہار کے ایکسیئن صداقت لطیف، ایس ڈی او باٹا پور مرزا افتخار مجید سمیت دیگر سب انجینئرز کے خلاف انکوائری شروع کرتے ہوئے تمام ملزمان کو آج ( جمعہ ) ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ۔ بتایا گیا ہے کہ انٹی کرپشن لاہور ریجن میں مجاہد رضوی نامی شہری کی درخواست پر محکمہ انہار باٹا پور سب ڈویژن کے افسران کے خلاف انکوائری کا آغاز کیا گیا،مدعی کے مطابق ایکسیئن محکمہ انہارصداقت لطیف، ایس ڈی او باٹا پور مرزا افتخار مجید، سب انجینئرذکا بھٹی اور چوہدری عبدالمجید کی ملی بھگت سے بوگس بلز بنا کر سرکاری خزانے کو 50لاکھ روپے سے زائد کے نقصان سے دوچار کیا ۔

(جاری ہے)

مدعی کے مطابق محکمہ انہار کے افسران نے باٹا پور سب ڈویژن میں سال 15-2014 کے دوران لفٹ پمپس کی مرمت کا کام من پسند ٹھیکیداروں میں تقسیم کرکے کام کروائے بغیر ہی ادائیگیاں کردیں۔عارضی ملازمین کی تنخواہوں اور گاڑیوں کے ڈیزل اورموبل آئل کے جعلی بلز بنا کر مجموعی طورپر پچاس لاکھ روپے کی خرد برد کی گئی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹی کرپشن امتیاز احمد خان اور حاجی حامد ستار نے انکوائری شروع کرکے ملزمان کو کل ( جمعہ )کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

متعلقہ عنوان :