وزیراعظم پاکستان کے کشمیر سے والہانہ وابستگی کا ثبوت دینے پر کشمیری قوم کی جانب سے ان کامشکور ہوں، سردار محمد یعقوب خان

جمعرات 25 فروری 2016 16:37

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) صدرآزاد جموں و کشمیر سردارمحمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے آزاد جموں وکشمیر سے جس والہانہ وابستگی کا ثبوت دیا ہے اس پر میں اپنی اور کشمیری قوم کی جانب سے ان کا بے حد ممنون و شکر گزار ہوں ۔ وزیراعظم پاکستان نے حقیقی معنوں میں کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ گردانا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بر سر اقتدار آنے کے بعد آزاد کشمیر کے تمام اضلاع اور دور افتادہ علاقوں کا ذاتی طور پر دورہ کیا اور عوامی مشکلات کو دیکھا اور سمجھا اور پھر ا ن کے حل کے لیے نا مساعد حالات کے باوجود عملی اقدامات کی واضح ہدایات جاری کیں ۔

صحت عامہ ، رسل و رسائل اور تعلیم سمیت انہوں نے تمام معاملات پر یکساں توجہ دے کر ایک انقلابی لیڈر ہونے کا عملی مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

لیپ ٹاپ تقسیم اور فیس واپسی سکیمیں قابل تعریف ہیں جس کا مریم نواز نے مظفرآباد میں از خود اجراء کیا۔صدرآزاد جموں و کشمیر سردارمحمد یعقوب خان نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے قبل ازیں لیپہ ٹنل اور راولپنڈی تا فاروڈ کہوٹہ براستہ راولاکوٹ ایکسپریس وے، کوٹلی ستیاں تا ڈھلکوٹ روڈ کے بے مثال منصو بوں کا اعلان کیا اس کے علاوہ توانائی کے منصو بے ، روزگار سکیم ، مظفرآباد اور راولاکوٹ اےئرپورٹس کی توسیع، 70ڈائیلائیسز مشینوں کی منظوری اور صحت عامہ کا یہ شاندار منصوبہ ان کے وہ کار ہائے نمایاں ہیں جن کو عوامی خدمات کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نہ صرف آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی پر توجہ دی بلکہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو بھی ہر بین الاقوامی فورم پر اس کی روح کے مطابق اٹھایا اور بھارت کا گھناوٴنا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جس پر آرپار سے کشمیری قوم انھیں سلام پیش کرتی ہے ۔ صدرآزاد کشمیرنے کہا کہ آزاد کشمیرمیں طویل لوڈ شیڈنگ ایک بڑا مسئلہ ہے۔

نجی شعبے میں ہائیڈرو پاور کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دیناہوگی۔انہوں نے وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے آزاد کشمیر کے میڈیکل کالجز کی پی ایم اینڈ ڈی سی میں رجسٹریشن کروانے میں بھرپور معاونت کی ۔صدرآزاد جموں و کشمیر سردارمحمد یعقوب خان نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے جو بھی پروگرام اسلام آباد میں شروع کئے کبھی مظفرآباد کو نہیں بھولے جس کی تازہ مثال وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام ہے وطن عزیز میں اپنی نوعیت کے خدمت انسانی کے اس منفرد پروگرام کے ویژن اورکامیاب آغاز پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

یہ پروگرام فلاحی ریاست کے قیام کی جانب ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ مملکت خداداد پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے تمام قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے ۔ جن سے استفادہ کے لیے صرف گڈ گورننس کی ضرورت تھی جس کی طرف انہوں نے بجا طور پر توجہ دی ہے اور بفضل تعالیٰ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک مثالی فلاحی اسلامی ریاست کے طور پر نہ صرف ایشین ٹائیگر بلکہ ورلڈ ٹائیگر کے روپ میں سامنے آئے گا۔ تعمیر و ترقی کے اس سفر میں کشمیری قوم میاں نواز شریف کے ساتھ ہے اور میں اس پروگرام کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں۔