وزیراعظم نے اداروں کی اصلاح کے لئے 6رکنی کمیٹی قائم کردی

جمعرات 25 فروری 2016 16:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے اداروں کی اصلاح کے لئے 6رکنی کمیٹی قائم کردی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف نے قومی اداروں کی اصلاح اور کارکردگی بہتر بنانے کے لئے چھ رکنی کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی اداروں کے سربراہوں کی تنخواہوں کے پیکج سے متعلق اور اداروں کی اصلاح کیلئے سفارشات پیش کرے گی۔

سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے ۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی ہے کہ اداروں کی تنظیم نو صرف سربراہوں کی تبدیلی تک ہی محدود نہیں ہوگی بلکہ یہ تبدیلیاں اداروں کو اپنے فرائض سرانجام دینے میں بھی مدد گار ثابت ہونگی۔ایم پی سکیلز میں کسی بھی تقرری کے وقت تعلیمی اور پیشہ وارنہ کارکردگی کو مدنظررکھا جا ئے ۔

(جاری ہے)

6 رکنی کمیٹی میں قومی تاریخ اور ادبی ورثہ سے متعلق وزیراعظم کے مشیر کمیٹی کے کنوینئر ہونگے جبکہ کمیٹی کے اراکین میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن،سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ڈویژن سیدابو احمد ،وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ اور ادبی ورثہ کی جانب سے نامزد کی جانے والی متعلقہ شعبہ سے تعلق رکھنے والی معروف ادبی شخصیت ،وزیراعظم ہاؤس کے ایڈیشنل سیکرٹری جبکہ سیکرٹری قومی تاریخ اور ادبی ورثہ ڈویژن کمیٹی کے سیکرٹری کے طور پر کام کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :