سی آئی اے پولیس کا پرنٹنگ پریس پر چھاپا ، کروڑوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی جعلی کرنسی برآمد،جعلی نوٹ بنانے والے بین الاقوامی گروہ کے سات ملزمان کو گرفتار کر کےمقدمہ درج کر لیا،ملزمان میں کوئٹہ اور ڈیرہ بگٹی کے رہائشی بھی شامل ہیں،ملزمان ڈالر،یورو،درہم اور پاکستانی کرنسی تیار کر کے افغانستان کے راستے دبئی اسمگل کرتے تھے ،دہشتگردی میں ملوث ہونے بارے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ ایس ایس پی سی آئی اے عمر ورک کی میڈیا سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 فروری 2016 15:36

سی آئی اے پولیس کا پرنٹنگ پریس پر چھاپا ، کروڑوں مالیت کی ملکی و غیر ..

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 فروری 2016ء) :صوبائی دارلحکومت کے علاقے سگیاں میں سی اآئی اے پولیس نے پرنٹنگ پریس پر چھاپا مار کر کروڑوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی جعلی کرنسی برآمد کر لی ہے.کاروائی میں جعلی نوٹ بنانے والے بین الاقوامی گروہ کے 7ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے، ملزمان کی نشاندہی پر مزید چھاپے مارے جائینگے.پاکستان اوربھارت سمیت مختلف ممالک کے 50کروڑ مالیت سے زائد کے جعلی کرنسی نوٹ برآمد کر کے مشینری اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا. پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزمان ڈالر،یورو،درہم اور پاکستانی کرنسی تیار کر کے بیرون ملک بھیجتے تھے۔

سی آئی اے پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر سگیاں کے قریب رہائشی آبادی میں واقع ایک چھاپہ ما ر کرجعلی کرنسی بنانے کا یونٹ پکڑ کر سات ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے پاکستان،بھارت، متحدہ امارات ، سعودی عرب اور کویت سمیت دیگر ممالک کے پچاس کروڑ مالیت سے زائد کے جعلی کرنسی نوٹ برآمدکر کے مشینری ، کیمیکلز اور دیگر سامان قبضے میں لیا ۔

سی آئی اے پولیس نے جعلی نوٹ بنانے والے یونٹ سے گرفتار ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کرد یا ہے۔ ایس ایس پی سی آئی اے عمر ورک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی نوٹ بنانے والے یونٹ سے گرفتار ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بین الاقوامی گروہ ہے جو اپنے مقامات تبدیل کرتا رہتا ہے ۔ اس سے قبل یہ گروہ علاقہ غیر میں کام کر رہا تھا اور پانچ چھ ماہ قبل وہاں سے لاہور منتقل ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان نے سگیاں کے رہائشی علاقے میں ایک گھر میں یونٹ لگا رکھا تھا جس کا پتہ لگانا ایک مشکل کام تھا لیکن کامیاب کارروائی کر کے 7ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جن میں ملزم ضیغم پہلے بھی گرفتار ہو چکا ہے جبکہ دیگر ملزمان میں کوئٹہ اور ڈیرہ بگٹی کے شہری بھی شامل ہیں ۔ عمر ورک نے بتایا کہ چھاپے کے دوران یونٹ سے 50کروڑ زائد مالیت کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی ہے جس میں پاکستان ، بھارت ،کویت ، سعودی ریال ،متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کی کرنسی شامل ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ پرنٹنگ پریس اور دیگر کیمیکلز کو بھی قبضے میں لیا گیا ہے اور تفتیش آگے بڑھنے پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان جعلی کرنسی افغانستان کے راستے دبئی اسمگل کرتے تھے ۔ گرفتار ملزمان سے یہ بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ کہیں یہ دہشتگردوں کے ساتھی تو نہیں اور کرنسی دہشت گردی میں تو استعمال نہیں ہو رہی ۔ایس ایس پی عمر ورک نے میڈیا کو بتایا کہ ماڈل ٹاؤن اور فیصل آباد میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعے میں مماثلت پائی جاتی ہے ۔