خصوصی بچوں کے اساتذہ اور والدین کی عظمت کو سلام کرتے ہیں‘ رانا مشہود

جمعرات 25 فروری 2016 15:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کی نگہداشت کرنے والے اساتذہ اور والدین کی عظمت کو سلام کرتے ہیں،کسی معاشرے کی اچھائی برائی جاننے کا ایک پیمانہ اس کا اپنے خصوصی افراد سے سلوک بھی ہے، پنجاب حکومت نے خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے غیرمعمولی اقدامات کئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں خصوصی بچوں کے عالمی دن کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں لاہور کے خصوصی بچوں کے تمام سرکاری سکولوں کے بچوں اور اساتذہ نے نمائندگی کی۔اس موقع پر خصوصی بچوں نے ٹیبلوشو، قومی نغمے اور خاکے پیش کرکے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمد خاں نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خصوصی بچے فرشتوں کی طرح معصوم ہیں جب تک ہم ان کا خیال رکھتے رہیں گے ہم پر بُرا وقت نہیں آسکتا۔

حکومت پنجاب نے لاہور اور قرب و جوار میں خصوصی بچوں کے 18سکول قائم کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف خصوصی بچوں کیلئے بڑی شفقت اور محبت کا جذبہ رکھتے ہیں اور اس طبقے کی بحالی اور سہولیات کی فراہمی کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز جاری کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار نظر آتے ہیں۔ خصوصی بچوں کی نگہداشت کیلئے حکومت پنجاب نے باقاعدہ ایک محکمہ قائم کر رکھا ہے جس کے حکام خصوصی بچوں کے سکولوں اور بحالی کے اداروں کو فعال رکھنے اور وہاں کارکردگی کا اعلیٰ معیار قائم کرنے کیلئے ہروقت کوشاں رہتے ہیں۔

صوبائی دزیرتعلیم تعلیم نے بعدازاں پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ برائے خصوصی افراد کے زیراہتمام سکولوں کے بچوں کو شہد کی مکھی کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کیلئے منعقدہ ورکشاپ میں شرکت کی اور مختلف سکولوں کے بچوں سے ان کو حاصل ہونے والی معلومات کے بارے میں سوالات کئے۔ رانا مشہود احمد خاں نے اس موقع پر کہاکہ بچوں کو اپنے وقت کا زیادہ سے زیادہ حصہ مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں صرف کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :