افغان مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری شفاف نہیں ہوسکتی،سینیٹر میر یوسف بادینی

جمعرات 25 فروری 2016 15:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر میر یوسف بادینی نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری شفاف نہیں ہوسکتی لہذا پہلے افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے انکے ملک واپس بھجوایاجائے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان سمیت ملک بھر میں لاکھوں کی تعداد میں افغان مہاجرین موجود ہیں جو مہاجر کیمپوں کی بجائے لوکل آبادی میں رہائش پذیر ہیں انکی موجودگی میں ہونے والی مردم شماری کسی بھی طریقے سے شفاف نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے دوران افغان مہاجرین کے اندراج سے لوکل آبادی اقلیت میں تبدیل ہونے کا خدشہ ہے جسے بلوچ قوم کسی بھی صورت قبول نہیں کریگی۔میر یوسف بادینی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں شفاف اور منصفانہ طریقے سے مردم شماری کے حق میں ہیں لیکن ہم ہرگز کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ صوبے کے لوکل باشندوں کو اقلیت میں تبدیل کریں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مردم شماری سے قبل افغان مہاجرین کوباعزت طریقے سے انکے ملک واپس بھجوایاجائے تاکہ شفاف طریقے سے مردم شماری ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :