آصف زرداری کے بیان اور فوج کے معاملے پر پیپلز پارٹی دو حصوں میں تقسیم ہوچکی ،شاہ محمود قریشی

جمعرات 25 فروری 2016 14:25

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 فروری۔2016ء) تحریک انصاف کے نائب چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کو اچانک پاک فوج کی پاکستان کیلئے قربانیوں کا یقین کیوں ہوا ، اندازہ لگایا جاسکتا ہے ، کچھ عرصہ پہلے سابق صدر لوگوں کی اینٹ سے اینٹ بجارہے تھے ، آصف زرداری کے بیان اور فوج کے معاملے پر پیپلز پارٹی دو حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے ۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے نائب چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں مک مکا کی سیاست کو ختم کرنا ہے جبکہ ایوان کو متبادل قیادت مہیا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی اچانک فوج کے حق میں بیان آنا اشارہ کس طرح تھا اندازہ لگایا جاسکتا ہے آصف زرداری نے نیا روپ اختیار کرلیا ہے سب کو اس کہانی کا پتہ ہے کیونکہ کچھ وقت پہلے زرداری صاحب اینٹ سے اینٹ بجانے کی باتیں کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دو حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے کچھ ارکان کہتے ہیں بیان دیا ہے اور کچھ انکار کررہے ہیں پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منظور وٹو آصف علی زرداری کے بیان کی تائید کررہے ہیں اور انہوں نے اپنے بیٹے کو اسمبلی میں قرارداد جمع کرانے کی ہدایت بھی کردی ہے