آصف زرداری کے بیا ن کو درست مانتے ہیں،سابق صدر کو ایسا بیان ہی دینا چاہئے‘ رانا ثناء اللہ

جمعرات 25 فروری 2016 14:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کا بیا ن اگر ان کا ہے تو وہ اسے درست مانتے ہیں،سابق صدر کو ایسا بیان ہی دینا چاہئے، پیپلز پارٹی کی آرمی چیف کی مدت ملازت میں توسیع کی قرار داد ایوان میں آئی تو ترمیم کر کے ضرب عضب کو سراہنے کے الفاظ شامل کیے جائیں گے ،فوج کی بطور ادارہ عزت کرنی چاہئے ،فوج نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اورضرب عضب میں قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف نے ایک سچے اور کھرے کمانڈر کا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ان کی مدت ملازمت میں توسیع ایک ادارے کی عزت اور آئین کا مسئلہ ہے جس پر ہر کسی کو اپنی اپنی رائے دینے کا اختیار نہیں ہے اور نہ ہی اس بات کو ٹاک شو اور پریس کانفرنسز میں ڈسکس کرنا چا ہئے۔

فوج کی بطور ادارہ عزت کرنی چاہئے ،فوج نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اورضرب عضب میں قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے جو بیان دیا ہے اگر وہ ان کا اپنا ہے تو وہ اسے درست سمجھتے ہیں کیونکہ ایک سابق صدر کو ایسا ہی بیان دینا چاہئے۔تاہم ان کا اینٹ سے اینٹ بجانے والا بیان ٹھیک نہیں تھا۔ہمیں پچھلے 67سالوں سے اینٹ بجانے کی کوشش میں کچھ حاصل نہیں ہوا۔

اس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بج رہی ہے۔سیاستدانوں، میڈیا، جرنیلوں اور ججز کو باہم مل کر ملک کو آگے بڑھانا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کی آرمی چیف کی مدمت ملازمت میں توسیع کی قرارداد ایوان میں آئی تو وہ اس میں ترمیم لائینگے کہ ہماری مسلح افواج کی ضرب عضب کی کامیابیوں پر قوم کو فخر ہے جبکہ آرمی چیف کا بطور کمانڈر کردار قابل ستائش ہے اور یہ کا م آئین اور قانون کے مطابق ہو نا چاہئے۔

خواتین کے بل پر سوال کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سے گھرکا ادارہ مزید مظبوط ہوگا اورجو لوگ گھریلو تشددکے عادی ہیں ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔ وومن پروٹیکشن بل کا مطالعہ کیا جائے تو جو مرد خواتین کی عزت کرتے ہیں اور گھر میں صلح سے رہتے ہیں انکے لئے کوئی خطرہ نہیں۔