علامہ غلام رسول سعیدی کی وفات سے پاکستان عظیم مفسر، محقق اور محدث سے محروم ہو گیا،پیر امین الحسنات شاہ

جمعرات 25 فروری 2016 14:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) علامہ غلام رسول سعیدی کی وفات سے پاکستان ایک عظیم مفسر، محقق اور محدث سے محروم ہو گیا۔ ان کی علمی خدمات سے اہل اسلام صدیوں مستفید ہوتے رہیں گے۔ یہ بات پیر امین الحسنات شاہ وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے جامعہ نعیمیہ کراچی آمد کے موقع پر کہی۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی ،مفتی منیب الرحمن اور جامعہ کے دیگر علماء نے ان کا استقبال کیا۔

پیر امین الحسنات نے مرحوم علامہ کی تعلیمی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علامہ سعیدی نے تفسیر قرآن اور شرحِ حدیث کے علاوہ سو سے زائد علمی و تحقیقی کتب تصنیف فرمائیں۔عصری مسائل پر تحقیق علامہ سعیدی کا طرہ امتیاز ہے جس پر حکومتِ پاکستان نے علامہ کی گراں قدر خدمات کے صلے میں ان کو تمغہ امتیاز سے بھی نوازا۔

(جاری ہے)

مرحوم دارالعلوم نعیمیہ کراچی کے روح رواں تھے انہوں نے اپنی زندگی کا پچاس سالہ عرصہ انتہائی یکسوئی کے ساتھ تدریسی خدمات میں گذار ااور پچھلے 32سال سے جامعہ میں شیخ الحدیث کی مسند پر فائز تھے۔

علامہ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں وہ ملک وقوم کا عظیم اثاثہ تھے اور ان کی خدمات زرّیں حروف سے لکھنے کے قابل ہیں۔ایسی شخصیات روز روز پیدا نہیں ہوتیں۔بعد ازاں پیر محمد امین الحسنات شاہ نے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دْعا کروائی۔

متعلقہ عنوان :