کوئٹہ، انتظامیہ میں موجود کالی بھیڑیں ایکشن پلان کو ناکام بنانے کی سرتوڑ کوششوں میں مصروف ہیں، کرنل (ر) سخاوت کاظمی

بدھ 24 فروری 2016 20:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 فروری۔2016ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کرنل (ر) سخاوت حسین کاظمی نے کہا ہے کہ انتظامیہ میں موجود کالی بھیڑیں ایکشن پلان کو ناکام بنانے کی سرتوڑ کوشش میں مصروف ہیں ٹی این ایف جے بلوچستان کے صدرکا نام ایک کالعدم تنظیم کے عہدیدار کے طور پر فورتھ شیڈول میں شامل کرنا مضحکہ خیز ہے جس انتظامیہ کو کالعدم تنظیموں اور عہدیداران کے نا م معلوم نہیں وہ ایکشن پلان پر عمل کیا کرائے گی ؟ عساکر پاکستان کے جوان اپنا خون دے کرامن کی فصل کاشت کررہے ہیں خدارا پاک فوج کو دھوکہ نہ دیا جائے ،میاں نواز شریف ،چوہدری نثار ،ثنا اﷲ زہری وسرفراز بگٹی انتظامیہ کی ناہلی کا نوٹس لیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے بدھ کوتحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان اوراسکی ذیلی تنظیموں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی اہل پاکستان کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے انتظامیہ محض خانہ پری اور گنتی برابر کرکے ایکشن پلان کو ناکام کرنے کی کوشش کرنا قوم و ملک کا المیہ ہے ،فوج پر حملہ کرنے والوں کو پناہ دینے والے اور پاکستان کے خلاف مغلظات کہنے والے کالعدم تنظیموں کے سرغنہ دندناتے پھر رہے ہیں اور نئے ناموں سے کا م کررہے ہیں جن کو روکنے میں سول انتظامیہ گریزاں ہے بلوچستان انتظامیہ کے حالیہ اقدام سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی یہ بات سچ ثابت ہوگئی ہے کہ دہشت گردوں کوبیرونی فنڈنگ اوراندرونی سہولت کاری مہیاکی جارہی ہے۔

کرنل (ر) سخاوت کاظمی نے کہا کہ کوئٹہ میں تقریر کی بنیاد پر محرم میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی پر پابندی لگائی گئی جبکہ قائد محترم کوئٹہ سرے سے گئے ہی نہیں تھے دکھ یہ ہے کہ اگر نچلی انتظامیہ کوتاہیاں کررہی ہے تو اوپر بیٹھے لاکھوں کروڑوں تنخواہیں لینے والے تو آنکھیں کھو لیں کیا ان کا کام صرف دستخط کرنا رہ گیا ہے ؟انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کو ناکام بنانے کی ہرسازش کے سامنے دیوار بن جائیں گے ۔

انہوں نے ٹی این ایف جے بلوچستان کے صدرکا نام ایک کالعدم تنظیم کے عہدیدار کے طور پر فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کو مضحکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس انتظامیہ کوکالعدم تنظیموں اور عہدیداروں کے نام معلوم نہ ہوں وہ ایکشن پلان پر کیا عملدرآمد کرائے گی۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمدنواز شریف ،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری اور صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ انتظامیہ کی نا اہلی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹی این ایف جے بلوچستان کے صدر کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کے احکامات جاری کریں۔

متعلقہ عنوان :