وزیراعلی خیبرپختونخوا کی زیرصدارت سمال انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کااجلاس

اجلاس میں بورڈ کے 75 ملازمین کی فوری طور پر اگلے گریڈ میں ترقی دینے کی منظوری دی گئی اجلاس میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ بنوں اور کرک میں کمرشل پلاٹس کی بولی کے ذریعے لیز پر دینے کی منظوری کے علاوہ کرک سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے30 کنال اضافی زمین خریدنے کی منظوری دی گئی

بدھ 24 فروری 2016 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے زیر صدارت سمال انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں بورڈ کے 75 ملازمین کی فوری طور پر اگلے گریڈ میں ترقی دینے کی منظوری دی گئی اس بات کا فیصلہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں سمال انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ کے بورڈآف ڈائریکٹر کے98 ویں اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی، منیجنگ ڈائریکٹر ایس آئی ڈی بی رشید خان پائندہ خیل ، محکمہ خزانہ، پی اینڈ ڈی ،ٹیوٹا اور ایس آئی ڈی بی کے حکام کے علاوہ چیمبر آف کامرس، خواتین چیمبر آف کامرس اور سمال انڈسٹریز کے صدور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں کے سمال انڈسٹریل ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

منیجنگ ڈائریکٹر، ایس آئی ڈی بی نے اجلاس کو بورڈ کی دوسالہ کارکردگی اور مستقبل کیلئے منصوبہ بندی سے آگاہ کیا اجلاس میں ایس آئی ڈی بی کے دو ملازمین کوگریڈ 18 سے 19 ،2 ملازمین گریڈ 17 سے 18 اور دوکو گریڈ 16 سے 17 میں ترقی کی منظوری دی گئی جبکہ ترقی پانے والے باقی69 ملازمین میں گریڈ 1 سے گریڈ 15 تک کے ملازمین شامل ہیں۔

اسی طرح اجلاس میں سوات میں پٹی ٹریننگ سنٹر کو فرنیچر سازی کے مرکز میں تبدیل کرنے کی منظوری کے علاوہ پشاور اور بٹ خیلہ کے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں کمرشل پلازوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی اس کے علاوہ پشاور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں موجود ریسٹ ہاؤس کی توسیع اور تجارتی بنیادوں پر چلانے کی منظوری بھی دی گئی اس کے علاوہ اسلام آباد میں موجود پلازہ پر مزید ایک منزل کی تعمیر اوراسی پلازہ میں سمال انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ اور محکمہ ثقافت کے اشتراک سے آرٹس اینڈ کرافٹس سنٹر کے قیام کی منظوری دی گئی اجلاس میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ بنوں اور کرک میں کمرشل پلاٹس کی بولی کے ذریعے لیز پر دینے کی منظوری کے علاوہ کرک سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے30 کنال اضافی زمین خریدنے کی منظوری دی گئی ۔

اجلاس میں ایس آئی ڈی بی کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بورڈ کو ہدایات دیتے ہوئے ہر انڈسٹریل اسٹیٹ میں تربیتی مرکز کے قیام اور ایس آئی ڈی بی کے تمام اُمور کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا حکم دیا اسی طرح اُنہوں نے ایس آئی ڈی بی کے ملازمین کی پنشن کیلئے اضافی رقم کیلئے تجاویز پیش کرنے کا حکم دیا وزیراعلیٰ نے انڈسٹریل اسٹیٹس کی بہتری اور اُن کے ماحول کو پرکشش بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے انڈسٹریل ٹریننگ سنٹر میں مقامی صنعتوں کیلئے درکار ہنر مند افراد کی تربیت کی ہدایت کی تاکہ مقامی صنعتوں کو باصلاحیت افراد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :