آرمی چیف کا شوال ویلی کا دورہ ٗ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے آخری اور فیصلہ کن کارروائی کی ہدایت

دہشتگردوں کے روابط کے نیٹ ورک بلا امتیاز ختم کئے جائیں ٗ ملک میں موجود دہشتگردوں کے معاونین کے ساتھ رابطوں کو کاٹا جائے ٗ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جوانوں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی ٗ دہشتگردی سے پاک پاکستان کا مقصد حاصل کر کے رہیں گے ٗآرمی چیف جنرل راحیل شریف کا خطاب

بدھ 24 فروری 2016 18:18

شوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 فروری۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے آخری اور فیصلہ کن کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے روابط کے نیٹ ورک بلا امتیاز ختم کئے جائیں ٗ ملک میں موجود دہشتگردوں کے معاونین کے ساتھ رابطوں کو کاٹا جائے ٗ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جوانوں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی ٗ دہشتگردی سے پاک پاکستان کا مقصد حاصل کر کے رہیں گے ۔

بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان لیفٹیننٹ عاصم سلیم باجوہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال ویلی کا دورہ کیا۔آرمی چیف کو دورے کے دوران آپریشن ضرب عضب اورمستقبل کے آپریشنز اور کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران جنرل راحیل شریف کو بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان کی شوال ویلی میں ابھی آپریشن مکمل ہونا باقی ہے۔

آرمی چیف نے آپریشن کا آخری مرحلہ شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کن کارروائی کا مقصد دہشت گردوں کو ان کے علاقوں میں تنہا اور علاقے سے بچے کچے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے روابط کے نیٹ ورک بلاامتیاز ختم کیے جائیں اور ساتھ ہی دہشت گردوں کے پورے ملک میں ان کے معاونین کے ساتھ رابطے بھِی کاٹے جائیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جوانوں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی اور ہم دہشت گردی سے پاک پاکستان کا مقصد حاصل کرکے رہیں گے۔آرمی چیف نے ضرب عضب کی رفتار پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور آپریشن میں حصہ لینے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے عزم اور حوصلے کی بھرپور تعریف کی۔