زیر تعمیر پھلکوٹ دومیل پل کو مکمل کرنے کیلئے ڈپٹی سپیکرکا 2کروڑ 20 لا کھ گرانٹ کی منظوری کا اعلان

بدھ 24 فروری 2016 18:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 فروری۔2016ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے زیر تعمیر پھلکوٹ دومیل پل کو مکمل کرنے کے لیے 2 کروڑ20 لا کھ روپے فنڈ کی منظوری دے دی ہے اور متعلقہ محکمے کو اس کام کوفوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آ ج پھلکوٹ دومیل کے اپنے دورے کے دوران سوزوکی حادثے میں جان بحق ہونے افراد کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ڈپٹی سپیکر نے حادثے میں جان بحق ہونے والوں کے گھر جا کر لواحقین سے تعزیت کی اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے لیے اس ناقابل تلا فی نقصان کو بر داشت کرنے کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے بتایا کہ انہوں نے زیر تعمیر پھلکوٹ دومیل پل کے لیے خصوصی طور پر وزیر اعظم سے ملا قات کر کے انہیں اس پل کی وجہ سے ہونے والے حادثات اور اہل علاقہ کو درپیش مشکلا ت سے آگاہ کیا اور اس کو مکمل کرنے کے لیے فنڈز کی منظوری کا مطالبہ کیا جس پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے فوری طور پر مطلوبہ فنڈز کی فراہمی اور پاک پی ڈبلیو ڈی کو اس پر کام شروع اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ زیر تعمیر پل پر جلد دوبار ہ کام کا آغاز ہو جائے گا اور اس کی تکمیل سے 3یونین کونسلوں کے 15سے 20گاؤں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گا ۔اس موقع پر معززین علا قہ نے ڈپٹی سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علاقے کی تعمیر وترقی میں ان کی کاوشوں کو سر اہا اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلا یا ۔