ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کا سنیئر ڈائریکٹر ایجوکیشن کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی کے سکولوں کا دورہ

بدھ 24 فروری 2016 17:50

کراچی ۔ 24 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 فروری۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے سنیئر ڈائریکٹر ایجوکیشن کے ایم سی بلال منظر کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی کے سکولوں کا دورہ کیا ۔اپنے دورہ کے موقع پر انہوں نے کہاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی سے بلدیہ کورنگی کو منتقل ہونے والے سکولوں میں تعلیمی معیار ،درسگاہوں کی عمارتوں کی بہتری کے لئے اقدامات کر رہے ہیں اس کے علاوہ والدین اور علاقہ عمائدین سے مشاورت کر کے موثر لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے سکولوں میں حاضری کی شرح کو بہتر بنا نے کی بھی سختی سے ہدایت کی ۔ اس موقع پر سکولوں کے اطراف قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ انسداد تجاوزات سیل بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ سکولوں کے اطراف قائم تمام رکاوٹوں کا فوری خاتمہ کیا جائے اور ضلع کورنگی کی حدود میں درسگاہوں کے اطراف تجاوزات ،غیر قانونی تعمیرات سمیت دیگر رکاوٹوں کی روک تھام کے لئے نگرانی کا موثر انتظام کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ڈی ایم سی کورنگی کے ایجوکیشن افسران ،ایجوکیشن ورکس اور بلدیہ کورنگی کے محکمہ جاتی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔واضح رہے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے یہ دورہ صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو اور کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی خصوصی ہدایت پر کیا۔

متعلقہ عنوان :