وزیر اعظم سے افغان سپیکر کی ملاقات ‘ دہشتگردی کے خلاف جنگ ‘ امن مذاکرات کی بحالی پر گفتگو

بدھ 24 فروری 2016 14:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 فروری۔2016ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کا بات چیت کا فیصلہ امن کیلئے مثبت عمل ہے ‘ دہشتگردی مشترکہ دشمن ہے ‘ نمٹنے کیلئے پاکستان اور افغانستان کو ملکر کام کر نا ہوگا ‘ افغانستان کے ساتھ جامع اورپائیدارشراکت داری ان کانصب العین ہے جن سے دونوں ملکوں کی سلامتی اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔

بدھ کو یہاں افغانستان کی اسمبلی کے اسپیکر عبدالروٴف ابراہیم نے اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ ‘ امن مذاکرات کی بحالی سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے دہشت گردی کو مشترکہ دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دشمن سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا ‘ پاکستان ‘افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے تجارت اور معاشی ترقی کے لیے دو طرفہ تعاون کی خواہش بھی ظاہر کی۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، انھوں نے افغانستان کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کی پیشکش کی اور افغان حکومت کے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے فیصلے کو بڑی پیشرفت قرار دیا۔وزیراعظم نے کہاکہ طالبان سے مذاکرات کے لئے 4 فریقی گروپ درست سمت میں پیش رفت کر رہا ہے ‘پاکستان افغانستان کے ساتھ جامع اور پائیدار شراکت داری کا خواہاں ہے، کابل حکومت کے ساتھ سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، تجارت اور معاشی ترقی کے لئے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ افغانوں کے اپنے طور پر شروع کردہ اور ان ہی کی سرپرستی میں ہونے والے امن عمل کے ذریعے امن اور مفاہمت کے فروغ کیلئے پاکستان کی مخلصانہ اور مسلسل کوششوں سے افغانستان میں پائیدار امن قائم ہو گا۔انہوں نے کہا کہ چار ملکی رابطہ گروپ نے اس سمت میں اچھی پیش رفت کی ہے۔ افغان اسمبلی کے اسپیکر عبدالروٴف ابراہیم نے افغان مہاجرین کی 30 سال سے میزبانی کو سراہتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

عبدالروٴف ابراہیمی نے اس موقع پر افغان مہاجرین کی 30 سال تک میزبانی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، پاکستان واحد ملک تھا جس نے 1979 میں بیرونی جارحیت کے خلاف افغانستان کی مدد کی۔افغان سپیکر نے گزشتہ تیس سال سے افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کے حوالے سے پاکستان کے عوام کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا موقف بہت واضح اور ان کی پالیسی اور نصب العین لائق تحسین ہے۔

متعلقہ عنوان :