محکمہ ایکسائز نے جعلی نمبر پلیٹ لگی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی گاڑی پکڑ لی ،خیبر پختوانخواہ حکومت کے رابطے کے بعد چھوڑ دی گئی، وزیر اعلیٰ کے اہل خانہ لاہور میں موجود ، سکیورٹی خدشات کے باعث نمبر پلیٹ تبدیل کی گئی۔صوبائی حکومت کی ایکسائز پنجاب کو وضاحت

منگل 23 فروری 2016 20:04

محکمہ ایکسائز نے جعلی نمبر پلیٹ لگی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی گاڑی پکڑ ..

لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23فروری۔2016ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے جعلی نمبر پلیٹ لگی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کی گاڑی پکڑ لی ،تاہم خیبر پختوانخوا ہ حکومت کی طرف سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے رابطے اور اتھارٹی لیٹر دکھانے کے بعد گاڑی کو چھوڑ دیاگیا ۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کی طرف سے نان کسٹم پیڈ ، غیر رجسٹرڈ اور ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی والی گاڑیوں کے خلاف ناکہ لگا کر روازنہ کی بنیاد پر کارروائی کی جا رہی ہے ۔

ای ٹی او ڈیفنس ذیشان رانجھا کے مطابق گزشتہ روز ڈیفنس میں متین چوک پر محکمہ ایکسائز کے ناکے پر ایک سفید رنگ کی پراڈو گاڑی نمبر آر ون 2681کو روکا گیا ۔ جانچ پڑتا ل کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ جعلی ہے جبکہ گاڑی میں موجود نوجوان نے اپنا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ یہ گاڑی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی ہے اور وہ ان کا پوتا ہے تاہم محکمہ ایکسائز نے گاڑی قبضے میں لے لی اور نوجوان کو گھر بھجوا دیا ۔

(جاری ہے)

واقعہ کا علم ہونے پر خیبر پختوانخواہ حکومت نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے افسران سے رابطہ کر کے انہیں آگاہ کیا کہ گاڑی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی ملکیتی ہے اور گاڑی صوبے میں رجسٹرڈ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے اہل خانہ لاہور میں موجود ہیں او ر سکیورٹی خدشات کے باعث نمبر پلیٹ تبدیل کی گئی تھی ۔محکمہ ایکسائز کو گاڑی کا اتھارٹی لیٹر دکھایا گیا جس پر گاڑی کو چھوڑ دیا گیا۔